تحریک انصاف کے ایم پی اے عمران علی شاہ کا پارٹی اور اسمبلی رکنیت چھوڑنے کا اعلان

سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان کرتا ہوں، فلاحی کاموں اور اپنے طب کے پیشے پر توجہ دوں گا، عمران علی شاہ


Staff Reporter May 18, 2023
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے ڈاکٹر عمران علی شاہ نے پارٹی اور سندھ اسمبلی کی رکنیت چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر عمران علی شاہ نے کہا کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات پر تحریک انصاف سے علیٰحدگی اور رکن سندھ اسمبلی کی نشست سے بھی مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔

عمران علی شاہ نے کہا کہ 9 مئی کو جو واقعات ہوئے ان پر دل بہت بے چین تھا، ہم نے سیاست تشدد کے لیے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کے لیے کی تھی ، یہ کیا بد معاشی ہے کہ سڑکیں بند کرکے جلاؤ گھیراؤ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بہت افسوس ہوا کہ ایم ایم عالم کے جہاز کو جلا دیا گیا جس نے دشمن کے 6 طیارے مار گرائے تھے، کور کمانڈر ہاؤس کو نذر آتش کردیا گیا، رینجرز کی چوکی کو نذر آتش کیا گیا اس کے بعد میں اس جماعت کا حصہ نہیں رہ سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس پارٹی کے لیے اپنی برطانیہ کی شہریت چھوڑی لیکن جو کچھ 9 مئی کو ہوا اس پر بہت دل دکھا، انہوں نے کہا کہ کیا ہم اپنے رکھوالوں سے لڑیں گے جن کی وجہ سےہم چین کی نیند سوتے ہیں، ایسا ہر گز نہیں ہوسکتا، ہم اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔

عمران علی شاہ نے کہا کہ میں نے شہریت بھی کسی دباؤ کے تحت نہیں چھوڑی تھی نہ میں نے تحریک انصاف کو کسی دباؤ کے تحت چھوڑا ہے، میں ایک ڈاکٹر ہوں، صرف انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتا ہوں اور میری نظر میں سب سے پہلے پاکستان ہے اور میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوں۔

مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میں کسی سیاسی جماعت میں نہیں جارہا بلکہ میں سیاست سے ہی کنارہ کشی کا اعلان کرتا ہوں، صرف فلاحی کاموں اور اپنے طب کے پیشے پر توجہ دوں گا۔

واضح رہے کہ عمران علی شاہ پی ایس 129 نارتھ ناظم آباد سے 2018 میں رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے، وہ کراچی کے عالمی شہرت یافتہ آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر محمدعلی شاہ مرحوم کے صاحبزادے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |