کوئی شخص اپنی مرضی سے جنس تبدیل نہیں کرسکتا شرعی عدالت کا فیصلہ

جنس کا تعلق بائیولوجیکل سیکس سے ہوتا ہے محسوسات کی بنیاد پرتعین نہیں کیا جا سکتا، عدالت

اسلام خواجہ سراؤں کو تمام بنیادی حقوق فراہم کرتا ہے،شرعی عدالت:فوٹو:فائل

وفاقی شرعی عدالت نے خواجہ سرا ایکٹ کے خلاف دائر درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا۔

وفاقی شرعی عدالت نے فیصلے میں ٹرانس جینڈر ایکٹ کی سیکشن 2 این (3)، سیکشن 2 ایف ، سیکشن 3 اور سیکشن 7 کو خلاف شریعت قرار دے دیا۔عدالت نے خواجہ سرا ایکٹ کے خلاف دائر درخواستوں پردئیے گئے فیصلے میں کہا کہ جنس کا تعلق انسان کی بائیولوجیکل سیکس سے ہوتا ہے۔ محسوسات کی بنیاد پر انسان کی جنس کا تعین نہیں کیا جا سکتا۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام میں خواجہ سرائوں کا تصور اور اس حوالے سے احکامات موجود ہیں۔ اسلام خواجہ سراؤں کو تمام بنیادی حقوق فراہم کرتا ہے۔ٹرانس جینڈر ایکٹ کی سیکشن 2این شریعت کیخلاف نہیں۔خواجہ سرا تمام بنیادوں حقوق کے مستحق ہیں جو آئین میں درج ہیں۔


عدالت نے فیصلے میں کہا کہ کوئی شخص اپنی مرضی سے جنس تبدیل نہیں کرسکتا۔ خواجہ سراؤں کی جنس کا تعین جسمانی اثرات پر غالب ہونے پر کیا جائے گا۔ جس پر مرد کےاثرات غالب ہیں وہ مرد خواجہ سرا تصور ہوگا۔ شریعت کسی کو نامرد ہو کرجنس کی تبدیلی کی اجازت نہیں دیتی۔

فیصلے کے مطابق کوئی شخص اپنی مرضی سے جنس تبدیل نہیں کرسکتا۔ سیکشن 7 کے تحت مرضی سے جنس کا تعین کرکے کوئی بھی وراثت میں مرضی کا حصہ لے سکتا تھا۔ وراثت میں حصہ جنس کے مطابق ہی مل سکتا ہے۔ مرد یا عورت خود کو بائیولوجیکل جنس سے ہٹ کر خواجہ سرا کہے تو یہ غیرشرعی ہوگا۔

شرعی عدالت نے نے ٹرانس جینڈر ایکٹ کے تحت بننے والے رولز بھی غیرشرعی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان دفعات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔

 
Load Next Story