سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی گرفتار

عمران اسماعیل کو ڈیفنس کے علاقے میں ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا گیا، پولیس نے حراست کی تصدیق کردی

عمران اسماعیل کو ڈیفنس کے علاقے میں ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما اور سابق گورنرسندھ عمران اسماعیل کو ٹیپوسلطان تھانے میں انسداد دہشت گردی، جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگردفعات کے تحت درج مقدمے میں گرفتارکرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعے کی دوپہر پولیس نے ڈیفنس فیز 8 میں کارروائی کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق گورنرسندھ عمران اسماعیل کوحراست میں لیا تھا جنہیں بعد ازاں ایسٹ انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کردیا گیا۔


ایسٹ انویسٹی گیشن پولیس نے پی ٹی آئی رہنماوسابق گورنرسندھ عمران اسماعیل کی گرفتاری ظاہرکردی۔ ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ طارق الہیٰ مستوئی کے مطابق عمران اسماعیل کوٹیپو سلطان تھانے میں انسداد دہشت گردی،جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگردفعات کے تحت درج مقدمے الزام نمبر 23/156 میں گرفتارکیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 9 مئی عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کے دوران پی ٹی آئی رہنماؤں کے اکسانے پرپی ٹی آئی کارکان نے امبرٹاور شاہراہ فیصل پرپولیس کی پریزن وین،رینجرزچوکی اورپیپلز بس سروس پر پیٹرول بم پھینک کرآگ لگادی تھی اورمتعدد گاڑیوں کے شیشے توڑدیے تھے۔

واقعے کے مقدمے میں پی ٹی آئی کے 23 رہنماؤں و کارکنان کو نامزد اور800 سے 1000 اسم سکونت نامعلوم کے خلاف سرکاری املاک کو توڑ پھوڑ ،نذرآتش کرنے،کارسرکارمیں مداخلت،مارپیٹ اورانسداد دہشت گردی کے تحت ٹیپو سلطان تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔۔
Load Next Story