کراچی ڈاکواسپرے سے بے ہوش کر کے گھر سے 15 لاکھ سے زائد رقم لے اڑے

واردات کا علم ہونے کے فوری بعد پولیس کوآگاہ کردیا تھا لیکن اب تک پولیس نے ہم سے رابطہ نہیں کیا، متاثرہ شہری

ڈکیتی کی واردات نارتھ ناظم آباد کے علاقے بلاک آئی کے گھر میں ہوئی (فوٹو: فائل )

نارتھ ناظم آباد میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ملزمان اسپرے سے گھرمیں سوئے ہوئے افراد کوبیہوش کرکے 15 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور موبائل فون لے کر فرارہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق شاہراہ نورجہاں تھانے کے علاقےنارتھ ناظم آباد بلاک آئی میں واقع گھرمیں ڈکیتی کی واردات کے دوران ملزمان نےاسپرے کرکے گھر میں سوئے ہوئے افرادکوبیہوش کردیا اور الماریوں میں رکھے تقریباً 15 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات،50 ہزارنقدی اور2 موبائل فون لے کرفرارہوگئے۔

اہل خانہ صبح اٹھے توانہیں کھلی الماریاں اور بکھرا ہوا سامان دیکھ کر ڈکیتی کی واردات کا علم ہوا، متاثرہ شہری عتیق نے بتایا کہ ان کے گھر میں ڈکیتی کی واردات بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پیش آئی۔




انھوں نے بتایا کہ مذکورہ مکان 200 گز کا ہے اور مکان میں وہ اپنے دیگر تین بھائیوں کے ساتھ رہتے ہیں، نامعلوم ملزمان نے گھر کے دو کمروں میں واردات کی۔

متاثرہ شہری نے بتایا کہ نامعلوم ملزمان نے اسپرے کرکے پہلے گھروالوں کو بیہوش کیا اور پھر لوٹ مار کی، واردات کے بعد ملزمان گھر کے عقبی دروازے سے فرار ہوئے۔

عتیق کا کہنا تھا کہ واردات کا علم ہونے کے فوری بعد پولیس کوآگاہ کردیا تھا لیکن اب تک پولیس نے ان سے رابطہ نہیں کیا۔

متاثرہ شہری نے اعلیٰ پولیس افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طورپرڈکیتی کا مقدمہ درج کیا جائے اور واردات کی تحقیقات کر کے ملوث ملزمان کوگرفتار کیا جائے ۔
Load Next Story