پی ٹی آئی رہنما کا ریسٹورنٹ غیر قانونی تجاوزات تھا ایس بی سی اے

ریسٹورنٹ کی غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے نو مئی کو اخبارات میں انتباہی اشتہار بھی جاری کیا گیا، ترجمان

فوٹو فائل

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ترجمان نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کے ریسٹورنٹ کے خلاف انہدامی کارروائی پر ردعمل جاری کر دیا۔

ایس بی سی اے کے ترجمان نے واضح کیا کہ غیرقانونی کے بی سی ریسٹورنٹ کے خلاف قانونی انہدامی کارروائی کو سیاسی انتقامی رنگ دینے کی کوشش کرنے والے عناصر کی مذمت کرتے ہیں، شہر میں ہر قسم کی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کاروائی کا سلسلہ جاری ہے حالیہ کارروائی کے بعد کیے جانے والے دعوے اور پروپیگنڈا ماضی میں اکثر چلنے والی مہم کا تسلسل ہے۔

 


ترجمان نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف حالیہ مہم کے حوالے سے مورخہ 9 مئی 2023 کو باقاعدہ اخبارات میں انتباہی اشتہارات شائع کروائے گئے تھے جس پر مالک نے خود سے کارروائی نہیں کی تو ادارے نے غیرقانونی تعمیرات کے خلاف ایکشن لیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے الزامات شہر اور شہریوں سے ہر گز ہمدردی کا عمل نہیں ہے بلکہ غیر ذمہ دارانہ عمل غیرقانونی تعمیرات کو بچانے کی ناجائز کوشش ہے۔ ایس بی سی اے کی جانب سے واضح کیا جاتا ہے کہ اس قسم دباؤ اور منفی پروپیگنڈے کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات شہر کے انفرا اسٹریکچر کو تباہی کے دہانے تک لے جانے کا موجب بن رہی ہیں۔ رہائشی نوعیت کے پلاٹس پر پورشن /یونٹ اور استعمال اراضی کی خلاف ورزی کے زمرے میں کمرشل استعمال کا خاتمہ ناگزیر ہے تمام غیر قانونی تعمیرات شہری حقوق کی خلاف ورزی ہیں اس سلسلے میں بعض عناصر کی جانب سے نامعلوم وجوہ پر انہدامی کارروائی کو غلط رنگ دینا شہر اور شہریوں کے مفاد میں نہیں ہے بلکہ شہر اور شہریوں سے خلوص کے اظہار کے لئے ایس بی سی اے کی قانونی کارروائی کی حوصلہ افزائی کی جائے۔
Load Next Story