فواد چوہدری کیخلاف پانی کی ٹونٹی چوری سمیت11 مقدمات درج ہیں عدالت میں رپورٹ جمع

رہنما پی ٹی آئی کی جانب سے مقدمات کی تفصیلات کے حصول کیلیے عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی

فوٹو: فائل

فواد چوہدری واش روم کی ٹونٹی کی چوری سمیت 11مقدمات میں نامزد ہیں، رہنما پی ٹی آئی پر درج مقدمات کی تفصیلات پولیس نے ہائیکورٹ میں جمع کرادیں۔

لاہورہائیکورٹ کے جسٹس انوار الحق پنوں نے فواد چوہدری کی جانب سے مقدمات کی تفصیلات کے حصول کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت پنجاب پولیس کی جانب سے رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروا دی گئی ، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فواد چوہدری کے خلاف 11 مقدمات درج ہیں، پنجاب پولیس نے فواد چوہدری کو واش روم کی ٹونٹی اور پائپ چوری کی ایف آئی آر میں بھی نامزد کیا ہوا ہے۔

فواد چوہدری کے خلاف تھانہ ملتان کینٹ میں مقدمہ نمبر 889/23 درج کیا گیا ہے، مظہر حنیف کی مدعیت میں درج یہ مقدمہ اسکول سے پائپ اور ٹونٹی چوری کا مقدمہ ہے، اس مقدمے میں فواد چوہدری پر گورنمنٹ پرائمری اسکول خیر پور بھٹہ میں بجلی کی وائرنگ چوری کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔


رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فواد چوہدری کے خلاف لاہور کے تھانہ سرور روڈ اور تھانہ ریس کورس میں دو مقدمات درج ہیں، جبکہ ملتان کینٹ میں تین اور جلیل آباد ملتان میں ایک مقدمہ درج ہے۔

رپورٹ کے مطابق رہنما پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ اٹک، جہلم اور فیصل آباد میں بھی ایک، ایک مقدمہ درج ہے۔

رہنما پی ٹی آئی کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ فواد چوہدری کےخلاف سیاسی بنیادوں پر بے بنیاد مقدمات درج کیے جانے کا خدشہ ہے،عدالت فواد چوہدری کےخلاف درج تمام مقدمات کی تفصیلات طلب کرے اور انہیں نامعلوم مقدمات میں ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دے۔

لاہور ہائیکورٹ میں فواد چوہدری کی مقدمات کی تفصیلات کے حصول کے لیے درخواست پر سماعت 22مئی تک ملتوی کردی گئی۔
Load Next Story