خیبرپختونخوا کے دو رہنماؤں نے پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کردیا

سابق صوبائی وزیر اقبال وزیر اور سابق رکن قومی اسمبلی ملک جواد حسین نے نو مئی کے واقعات پر پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا

فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر برائے ریلیف اقبال وزیر اور سابق رکن قومی اسمبلی ملک جواد حسین نے نو مئی کے واقعات کی وجہ سے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

پشاور پریس کلب میں ساتھیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر اقبال وزیر نے کہا کہ پارٹی کے ساتھ ہمشیہ وفاداری کی لیکن 9 مئی کے دلخراش واقعات پر افسوس ہواْ ان واقعات میں پی ٹی آئی کے کچھ قائدین اور نا سمجھ کارکنان ملوث ہیں۔


انہوں نے کہا کہ ان واقعات کے بعد میرا پی ٹی آئی کے ساتھ میرا مزید سفر کرنا ناممکن ہے کیونکہ اب معاملہ بہت آگے بڑھ چکا ہے، اس وجہ سے میں پارٹی کی بنیادی رکنیت چھوڑنے اور ضلعی صدارت سے استعفیٰ کا اعلان کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ساتھیوں سمیت پہلے بنی گالہ اور پھر زمان پارک میں چیئرمین عمران خان کی حفاظت کرتا رہا تھا مگر اب اُس پر افسوس ہے۔

علاوہ ازیں اورکزئی سے منتخب ہونے والے سابق رکن قومی اسمبلی ملک جواد حسین نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات باعث شرم ہیں، میں نے پی ٹی آئی کے ساتھ ہر دور میں وفاداری نبھائی اور ان واقعات کے بعد اب میں بغیر کسی دباو کے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا پاکستان ہے یہ ادارے ہمارے ادارے ہیں جب ادارے مضبوط ہو پاکستان مضبوط ہوگا۔ ملک جواد نے کہا کہ آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان بعد میں کروں گا۔
Load Next Story