راولپنڈی گیس لیکیج سے آتشزدگی بہن بھائی جاں بحق ماں کی حالت تشویشناک

سیلنڈر سے رات بھر گیس لیک ہوتی رہی، صبح ناشتے کے لیے ماچس جلاتے ہی آگ بھڑک اٹھی، زخمی خاتون اسپتال میں زیر علاج


ویب ڈیسک May 20, 2023
امدادی ٹیموں میں گھر میں لگی آگ پر قابو پالیا (فوٹو: ویڈیو گریب)

گھر میں گیس لیکیج سے لگنے والی آگ میں جھلس کر بہن بھائی جاں بحق ہو گئے جب کہ ان کی والدہ کی حالت تشویش ناک ہے۔

دارالحکومت کے جڑواں شہر راولپنڈی کے علاقے چاہ سلطان میں گھر میں سلینڈر سے گیس لیکیج کے باعث آگ لگ گئی، جس میں جھلس کر 3 افراد شدید زخمی ہو گئے، جنہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان ریسکیو 1122کے مطابق گھر کے اندر موجود سلینڈر سے رات بھر گیس لِیک ہوتی رہی۔ صبح بچوں کے لیے ناشتہ بنانے کے لیے ماں نے ماچس جلائی، جس کے بعد گھر میں آگ بھڑک اٹھی، جس کی زد میں آکر خاتون سمیت 18 سالہ فائزہ اور 6 سالہ محمد آصف شدید زخمی ہوئے۔

تینوں زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم واقعے میں دونوں بہن بھائی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ جھلس کر زخمی ہونے والی بچوں کیماں کی حالت نازک ہے۔ دوسری جانب امدادی ٹیموں نے گھر میں لگی آگ پر قابو پالیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں