پی ٹی آئی کا میئر کراچی کیلئے جماعت اسلامی کی حمایت کا اعلان
پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نہیں چاہتے کہ عوامی مینڈیٹ قبول کیا جائے، تحریک انصاف کراچی
تحریک انصاف نے میئر کراچی کے لیے جماعت اسلامی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کردیا۔
ایکسپریس نیوز پی ٹی آئی کراچی کی جانب سے شہرِ قائد کے میئر کے انتخاب کے حوالے سے اہم ترین اعلان سامنے آیا ہے۔ پی ٹی آئی کراچی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میئر کے انتخاب میں جماعت اسلامی کے امیدوار کو سپورٹ کرے گی۔
اپنے بیان میں تحریک انصاف کراچی نے کہا ہے کہ جو پیپلز پارٹی چار بار بلدیاتی انتخاب سے پیچھے بھاگی وہ عجلت میں میئر کا انتخاب کروانا چاہتی ہے، پیپلز پارٹی منتخب بلدیاتی نمائندگان کو سندھ پولیس کے ذریعے اغوا کر رہی ہے، پیپلز پارٹی میئر کراچی کے انتخابی عمل میں پری پول رگنگ کر رہی ہے۔
تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ بلدیاتی نمائندگان کی حلف برداری سے پہلے انہیں اغوا کیا جارہا ہے، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نہیں چاہتے کہ عوامی مینڈیٹ قبول کیا جائے، پیپلز پارٹی نے چور دروازے سے میئر کے انتخاب کا راستہ بنایا۔
تحریک انصاف نے مزید کہا ہے کہ میئر کا انتخاب شفاف طریقہ کار سے ہونا چاہیئے، پی ٹی آئی اس معاملے پر عدالت سے بھی رجوع کر چکی ہے۔
اس حوالے سے جماعت اسلامی کراچی کے صدر اور میئر کراچی کے امیدوار حافظ نعیم نے کہا ہے کہ چاہتے ہیں ڈپٹی میئر تحریک انصاف کا ہو جس کے بعد پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی مل کر کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے چیئرمینز کو تھانوں میں بلوایا جارہا ہے، ان کے گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں، یہ چاہتے ہیں چیئرمین کسی طرح پیپلز پارٹی کی حمایت کردیں، ہمارے نمبر پورے ہوگئے، پی ٹی آئی کا شکر گزار ہوں۔
حافظ نعیم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کوشش کے باوجود نمبر پورے نہیں کرسکے گی، جماعت اسلامی نے کراچی میں سب سے زیادہ ووٹ لیے، پیپلز پارٹی نے جو دباؤ ڈالا ہوا ہے وہ ختم کرے، 9 ٹاؤن جماعت اسلامی اور 3 پی ٹی آئی کے بن رہے ہیں، کچھ کیسز ہیں جن کا مل کر سامنا کریں گے، مزید ٹاؤن پر میئر بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چھینا جھپٹی کا کام نہیں ہونا چاہیے، ہم کسی سے لڑائی نہیں چاہتے، کراچی شہر کا کوئی والی وارث نہیں، کراچی کھنڈر بن گیا ہے، اس کی ترقی ہماری ترجیح ہے۔