مریم نواز کی 9 مئی کے مقدمات سول کے بجائے فوجی عدالتوں میں لے جانے کی حمایت

سول عدالتوں کا حال دیکھیں وہ متنازع ہوچکیں اور ایک سیاسی جماعت کی آلہ کار بن چکی ہیں، لاہور میں تقریب سے خطاب


ویب ڈیسک May 20, 2023
(فائل : فوٹو)

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے 9 مئی کے مقدمات سول عدالتوں کے بجائے فوجی عدالتوں میں لے جانے کی حمایت کردی اور کہا کہ سول عدالتوں کا حال دیکھیں وہ پہلے ہی پی ٹی آئی کی آلہ کار بنی ہوئی ہیں۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میں سول مقدمات کی فوجی عدالتوں میں منتقلی کی حامی نہیں انہیں سویلین عدالتوں میں ہی رہنا چاہیے لیکن سول عدالتوں کا حال تو دیکھیں، سول عدالتیں متنازع ہوچکی اور وہ ایک سیاسی جماعت کی آلہ کار بن چکیں، اب انصاف کا کیا حال ہوگا؟

مریم نواز نے کہا کہ آج تک کسی سیاسی جماعت نے وہ کام نہیں کیا جو پی ٹی آئی نے نو مئی کو کیا، نواز شریف نے پی ڈی ایم کے پہلے جلسے میں آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کو کہا تھا کہ اس سوغات عمران خان کو جہاں سے لائے ہیں واپس لے جائیں، نواز شریف ںے ان دو افسران کے خلاف بات کی تھی مگر پوری فوج کو کچھ نہ کہا اور نہ فوجی تنصیاب پر حملے کیے، اگر عمران خان کو پرانے کیسز میں سزا مل جاتی تو آج سانحہ نو مئی نہ ہوتا۔

مریم نواز نے کہا کہ ریمانڈ کے دوران کسی کو کبھی ضمانت نہیں ملتی دنیا میں ایسا نہیں ہوتا مگر سپریم کورٹ نے ریمانڈ کے باوجود عمران خان کو ضمانت دے دی۔

ان کا کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں پر اعتراض ہورہا ہے مگر دیکھیں سول عدالتیں کیا کر رہی ہیں؟ بات بات پر اسٹے آرڈر دے دیتی ہیں کہ قانونی کارروائی آگے نہ بڑھ سکے، اب کس پر اعتبار کیا جائے؟ یہاں پر ساس اور لاڈلے کا قانون چل رہا ہے، ججز کہتے ہیں کہ ہمارے احکامات پر عمل نہیں ہورہا یہ بھی تو دیکھیں کہ آپ احکامات کیا دے رہے ہیں؟ ن لیگ نے تو ججز کی آزادی کے لیے تحریک چلائی ہے۔

مریم نواز نے انکشاف کیا کہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے بطور چیف جسٹس مدت ملازمت میں توسیع کے لیے نواز شریف پر دباؤ ڈالا، ان کا بھی وقت آئے گا جو کہیں چھپ کر بیٹھے ہیںِ، جیل میں موجود نواز شریف کو جسٹس کھوسہ نے کیوں پیغام بھیجا کہ کھوسہ کو ایکسٹینشن دی جائے مگر نواز شریف نے کہا کہ اپنا کاغذ پکڑو اور نکلو ادھر سے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ عمر عطا بندیال نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا، آصف سعید کھوسہ ایک دن قانون کے شکنجے میں آئے گا، ڈیم والے بابا ثاقب نثار کی کی بات کروں وہ تو خود کسی کو شکل دکھانے کے قابل نہیں، ان کا بیٹا بھی پی ٹی آئی کی ٹکٹیں بلیک کرتا ہوا پکڑا گیا، یہ لوگ قدرت کی طرف سے عبرت کا نشان بنے ہوئے ہیں اور اسی ڈگر پر عمر عطا بندیال بھی چل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک مظلوم ہے، شہدا کی یادگاریں اور تصاویر جلائی گئیں شہدا کسی فوج کے نہیں بلکہ قوم کے ہوتے ہیں جو فوج کے لیے نہیں ملک کے لیے جانیں دیتے ہیں، یہ حملہ پہلی بار نہیں ہوا، جب ہیلی کاپٹر حادثے میں فوج افسران شہید ہوئے تھے تو اس وقت بھی پی ٹی آئی والوں نے بددعائیں دی تھیں۔

مریم نواز نے کہا کہ بانی پاکستان کا گھر جلاتے ہوئے پی ٹی آئی والوں کو حیا نہیں آئی؟ اور اب عمران خان ثبوت مانگتے ہیں؟ عمران خان کو حسان نیازی کی وہ تصویر نظر نہیں آئی جس میں وہ ڈنڈے پر پاکستان آرمی کی تصویر لٹکائے ہوئے ہے، ثبوت چاہیے تو یاسمین راشد کی آڈیو دیکھو اور اس کی ویڈیو بھی دیکھو جس میں وہ کہتی ہے کہ کور کمانڈر ہاؤس میں انسانوں کو لے کر جانا تھا جانور کو نہیں۔

انہوں ںے کہا کہ الزام ہے کہ خواتین کو گرفتار کرلیا، پی ٹی آئی نے جان بوجھ کر خواتین کو آگے رکھا جو لوگوں کو لیڈ کرتے ہوئے ملٹری تنصیاب پر حملے کررہی تھیں تو وہ خواتین نہیں تھیں؟ جرم جرم ہوتا ہے اس میں خواتین یا مرد نہیں ہوتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں