ماسکو نے عالمی فوجداری عدالت کے پراسیکیوٹر کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کردیا
پراسیکیوٹر کریم خان کو وزارت داخلہ کی مطلوبہ فہرست میں شامل کر دیا گیا، روس
ماسکو نے بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے پراسیکیوٹر کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کردیا۔
روسی میڈیا کے مطابق آئی سی سی پراسیکیوٹر نے مارچ میں روسی صدر ولادیمیرپیوٹن کی جنگی جرائم کے الزام میں گرفتاری کے لیے وارنٹ تیار کیے تھے جس کے بعد ماسکو نے پراسیکیوٹر کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا۔
روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ٹی اے ایس ایس) نے وزارت کے ڈیٹا بیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ہیگ میں قائم جنگی جرائم کی عدالت کے پراسیکیوٹر کریم خان کو وزارت داخلہ کی مطلوبہ فہرست میں شامل کر دیا گیا ہے۔
نیوز رپورٹس کے مطابق برطانوی شہریت کے حامل آئی سی سی کے پراسیکیوٹر کی تصویرروسی وزارت داخلہ کے ڈیٹا بیس میں دیکھی جا سکتی ہے۔
روس نے کریم خان کے خلاف مجرمانہ تحقیقات کا آغاز اس وقت کیا جب آئی سی سی نے اعلان کیا کہ ولادیمیرپیوٹن کے خلاف ان الزامات پر گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے گئے ہیں جن میں انہوں نے ہزاروں یوکرینی بچوں کو غیر قانونی طور پر روس بھیج کر جنگی جرائم کا ارتکاب کیا تھا۔