سسرال میں 40 لاکھ روپے سے زائد کی ڈکیتی کروانے والا داماد ساتھیوں سمیت گرفتار
ملزم کاشف، غلام رسول اور غلام مرتضیٰ کو گرفتار کر کے 3 موبائل فونز اور 4 قیمتی گھڑیاں برآمد کرلیں، پولیس
کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے لکھنؤ سوسائٹی میں ڈکیتی کی واردات کا معمہ حل کر کے مدعی مقدمہ کے بہنوئی کو دیگر 2 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا.
تفصیلات کے مطابق واردات کے دوران 40 لاکھ روپے کی رقم بینک اکاؤنٹ سے آئن لائن ٹرانسفر کرائی گئی تھی جبکہ ملزمان 50 ہزار روپے نقدی ، 3 موبائل فونز اور 4 قیمتی گھڑیوں لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔
اس حوالے سے انسپکٹر اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ واردات گزشتہ مہینے ہوئی تھی تاہم پولیس نے جیوفینسگ اور خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاعات پر ملزم کاشف اور اس کے دیگر 2 ساتھیوں غلام رسول اور غلام مرتضیٰ کو گرفتار کر کے 3 موبائل فونز اور 4 قیمتی گھڑیاں برآمد کرلیں۔
انہوں نے بتایا کہ آن لائن ٹرانسفر کی گئی 40 لاکھ روپے کی رقم بھی مدعی کے اکاؤنٹ میں منتقل کرا دی گئی ہے ، پولیس نے گرفتار ملزمان کو مزید تحقیقات کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا۔