نشان حیدر ہاکی ایونٹ نیشنل بینک نے اسٹیل ملز پر ہاتھ صاف کر لیا
پولیس کی آرمی وائٹس پر 3-2 سے فتح، آرمی ریڈ نے پورٹ قاسم کو2-1 سے ہرادیا
نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ میں نیشنل بینک نے اسٹیل ملز پر 7-2 سے ہاتھ صاف کرلیا۔
پی آئی اے کی فتوحات کا سلسلہ بھی جاری ہے، قومی ایئر لائن ٹیم نے نیوی کو 7-1 سے مات دی، احسان اللہ نے دو گول کیے، پولیس نے آرمی وائٹس کو 3-2 سے زیر کیا۔ پورٹ قاسم کیخلاف آرمی ریڈ کی ٹیم سخت مقابلے کے بعد 2-1 سے سرخرو رہی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق بہاولپور میں جاری 9 ویں نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ کے چوتھے روز پہلے میچ میں نیوی نے پانچویں منٹ میں کامران کے خوبصورت انفرادی گول کی بدولت برتری حاصل کی لیکن بعد میں پورے مقابلے میں ٹیم کے فارورڈز اور دفاعی کھلاڑی مکمل طور پر منظر سے غائب محسوس ہوئے اور میچ ختم ہونے تک نیشنل بینک کے فارورڈز نے ایک کے بعد ایک کرتے ہوئے مسلسل 7 گول داغ دیے۔قومی ایئرلائن کی ٹیم نے 22 ویں منٹ میں احسان اللہ کے پنالٹی کارنر پر گول کی بدولت کھاتہ کھولا، صرف 5 منٹ بعد انھوں نے ایک بار پھر اسی انداز میں گیند کو جال میں پہنچا کر 2-1 کی برتری قائم کی۔ صرف 5 منٹ کے وقفے میں یاسر اور عمران خان نے گول کرتے ہوئے مقابلہ 4-1 کردیا۔ دوسرے ہاف کے آغاز میں بھی یہی صورت حال رہی، 39 ویں عنایت اللہ،65 ویں میں زبیر اور کھیل ختم ہونے سے 2 منٹ قبل نوہیز نے گول داغتے ہوئے پی آئی اے کو 7-1 سے کامیابی دلادی۔
پولیس کیخلاف دوسرے میچ میں آرمی وائٹس نے تیسرے منٹ میں فراز ڈار کے فیلڈ گول کی بدولت برتری حاصل کی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔ دوسرے ہاف کے 47 ویں منٹ میں پولیس کے شرجیل نے مقابلہ برابر کردیا۔ میچ ختم ہونے میں صرف دو منٹ باقی تھے کہ عدنان بابر نے خوبصورت فلک کے ذریعے گول کرتے ہوئے پولیس کو ایک گول کی برتری دلادی، آخری لمحات میں ملنے والے پنالٹی کارنر کو کارآمد بناتے ہوئے پولیس کو 3-1سرخرو کرادیا۔ ایک اور میچ میں نیشنل بینک کی ٹیم نے اسٹیل ملز کو 7-2 سے آؤٹ کلاس کیا۔ ناکام ٹیم نے 11ویں منٹ میں گول کیا، نیشنل بینک کے حافظ رضوان نے 21ویں منٹ میں مقابلہ برابر کردیا، اس کے بعد صرف توفیق ارشد نے صرف ایک منٹ کے وقفے کے بعد دو مسلسل گول داغتے ہوئے ٹیم کو برتری دلادی، 28 ویں منٹ میں ارسلان قادر ، 48 اور52 ویں منٹ میں سبطین رضااور59 ویں منٹ میں محمد دلبر نے گول کیے، اسٹیل ملز کی طرف سے دوسرا گول محمد سرفراز نے آخری منٹ میں کیا۔ آخری مقابلے میں آرمی ریڈ کی ٹیم سخت مقابلے کے بعد پورٹ قاسم کیخلاف 1 کے مقابلے میں 2 گول سے کامیاب رہی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے دونوں گول محمد عمران نے پہلے ہاف میں پنالٹی کارنر پر داغے۔ ناکام ٹیم کی جانب سے واحد گول 38 ویں منٹ میں کیا۔ بعدازاں دونوں ٹیمیں شاندار کھیل کے باوجود مزید گول نہ کرسکیں۔