عمران نیازی اور ایک سابق چیف جسٹس نے اس اسپتال کو بہت نقصان پہنچایا وزیراعظم

دونوں نے کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (PKLI) کو اپنی سیاست اور ذاتی مفادات کا نشانہ بنایا مگر ہمارے قدم رکنے والے نہیں

(فوٹو : فائل)

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی اور ایک سابق چیف جسٹس نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (PKLI) کو اپنی سیاست اور ذاتی مفادات کا نشانہ بنایا اور اس ہسپتال کو بے پناہ نقصان پہنچایا مگر ہمارے قدم رکنے والے نہیں۔

اپنے ٹویٹ میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ‏پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (PKLI) ہمیشہ سے میرے دل کے قریب رہا ہے، میری تمنا تھی اور ہے کہ یہ شاندار ہسپتال پاکستان کا جان ہاپکنز (Johns Hopkins) بنے اور گردے، جگر کی بیماریوں کے علاج معالجہ کے لیے PKLI پاکستان کی پہچان بن جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مگر صد افسوس کہ عمران نیازی اور ایک سابق چیف جسٹس نے اس مشن کو اپنی سیاست اور ذاتی مفادات کا نشانہ بنایا اور اس ہسپتال کو بے پناہ نقصان پہنچایا مگر ہمارے قدم رکنے والے نہیں۔




شہباز شریف نے کہا کہ میرا یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ یقیناً ان لوگوں کی مدد کرتا ہے جو جذبۂ خدمت سے سرشار ہوں، PKLI کو ورلڈ کلاس بنانے اور اس کی بحالی کے لیے ہم تمام کوششیں اور توانائیاں صرف کر رہے ہیں، گزشتہ روز میرے PKLI کے دورے کا مقصد وہاں بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا ہی جائزہ لینا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ڈاکٹر سعید اختر کی قیادت میں ایک مخلص ٹیم وہاں ہمہ تن مصروف اور مقصد میں مگن ہے جس میں ہم ان کے ساتھ ہیں، PKLI ایک مثال ہے، ہم اس مثال کو بے مثال بنائیں گے، انشاءاللہ!
Load Next Story