عمران خان سے مولانا شیرانی کی ملاقات ’پی ٹی آئی کےخلاف ریاستی جبر کی مذمت کرتے ہیں‘

ریاستی جبر سے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے عدالتِ عظمیٰ کردار ادا کرے، سربراہ جے یو آئی پاکستان


ویب ڈیسک May 21, 2023
—فائل فوٹو

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) پاکستان کے اعلیٰ سطح وفد کی مولانا خان محمد شیرانی کی سربراہی میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اورملکی سیاسی صورتحال، آئین و عدلیہ کیخلاف حکومتی یلغار اور جمہوریت و جمہوری اقدار کے قتلِ عام پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

زمان پارک آمد میں ہونے والی ملاقات سے متعلق جے یو آئی پاکستان کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے جاری کردہ اعلامیہ میں ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف اور اتحادیوں کیخلاف جبر و فسطائیت کے جاری بدترین سلسلے کی شدید مذمت کی گئی۔

علاوہ ازی جے یو آئی پاکستان نے چیئرمین تحریک انصاف کے ہائیکورٹ کے احاطے سے رینجرز کے ذریعے اغوا اور 9 مئی کو ملک بھر میں پرامن احتجاج کو پرتشدد بنانے اور جلاؤ گھیراؤ کے ساتھ نہتے پاکستانیوں کو گولیوں کا نشانہ بنانے کی بھی شدید مذمت کی گئی۔

جے یو آئی پاکستان نے 9 مئی کے کو جلاؤ گھیراؤ سے املاک کو نقصان پہنچانے، 25 نہتے پاکستانیوں کو شہید 700 سے زائد کو زخمی کرنے والوں کو کٹہرے میں لانے کیلئے جامع تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا اور پی ٹی آئی کے خلاف ملک بھر میں جاری غیرقانونی کریک ڈاؤن کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔

جے یو آئی پاکستان نے لاقانونیت کو بطور ہتھیار استعمال کرتے ہوئے جمہور کی مرضی اور منشاء کو کچلنے کی کوششوں کو کسی طور قبول نہ کرنے پر اتفاق کیا اورمیڈیا و آزاد اہلِ صحافت کیخلاف بدترین انتقامی کارروائیوں اور قومی وسائل کے بَل پر جھوٹے اور نفرت انگیز پراپیگنڈے کی شدید مذمت کی۔

علاوہ ازیں جے یو آئی پاکستان نے عدالتِ عظمیٰ اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کا کیا اور استدعا کی کہ آئین، بنیادی حقوق اور ریاستی جبر و فسطائیت سے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے عدالتِ عظمیٰ سے آگے بڑھ کر کردار ادا کرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں