سیزفائر کی خلاف ورزی نہیں کی وفاق کا طالبان قیادت کو پیغام

طالبان اورذیلی گروپوں نے حملے نہیں کیے توسیکیورٹی فورسزبھی کارروائی نہیں کریں گی

طالبان قیادت سیزفائرمیں توسیع،دوسری ملاقات کی جگہ کاتعین کرے، پیغام پہنچادیاگیا فوٹو: فائل

اعلیٰ ترین حکومتی ذرائع سے معلوم ہواہے کہ وفاق نے طالبان کمیٹی کی توسط سے پس پردہ طالبان شوریٰ کو پیغام بھیجاہے کہ حکومت یاسیکیورٹی فورسزکی جانب سے سیزفائرکی خلاف ورزی نہیں کی گئی ہے۔

جب حکومت اور طالبان کے درمیان سیز فائرہوا تھا تو حکومت نے اس وقت مکمل عملدرآمد کیا، تاہم طالبان قیادت نے بغیرکسی پیشگی اطلاع کے میڈیا میں آکرسیز فائرختم کرنے کا اعلان کیا ،جو معاہدے کی خلاف ورزی ہے،طالبان شوریٰ کی جانب سے سیز فائر ختم کرنے کے اعلان اور پھر مختلف ذیلی گروپوں کی جانب سے مسلسل سیکیورٹی فورسز پر حملوں کے بعد سیکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر جمعرات کو حملے کیے ہیں ،طالبان قیادت طالبان شوریٰ کے ذریعے واضح طور پر یقین دہانی کرائے کہ وہ سیکیورٹی فورسز اورسویلین پرآئندہ حملے نہیں کریں گے ،اگر طالبان اور ان کے ذیلی گروپوں کی جانب سے حملے نہیں ہوں گے تو حکومت اور سیکیورٹی فورسز بھی کوئی کارروائی نہیں کریں گے۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی پیغام سے طالبان شوریٰ کو طالبان کمیٹی کی جانب سے آگاہ کردیا گیا ہے،طالبان کمیٹی نے حکومتی پیغام میں بتایا ہے کہ حکومت اور طالبان کمیٹیوں کی ہونے والی ملاقات میں وزیر داخلہ نے طالبان رابطہ کار کمیٹی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت مذاکراتی عمل میں مکمل سنجیدہ ہے اور حکمت عملی کے تحت مذاکرات کے دائرہ کار کوآگے بڑھایا جارہا ہے،اب طالبان قیادت کے لیے ضروری ہے کہ وہ سنجیدہ اور بامقصد مذاکرات کے لیے سیز فائر میں فوری طور پر توسیع کا اعلان کرے اور دوسری براہ راست ملاقات کے لیے جگہ اور وقت کا تعین کیا جائے اور طالبان کی قید میں موجود سویلین قیدیوں کی رہائی کا عمل فوری شروع کیا جائے۔

اب جب طالبان کی جانب سے ان کی تحویل میں موجود سویلین قیدی رہا ہوں گے تو اس کے ردعمل میں حکومت کی جانب سے غیر عسکری طالبان کو رہا کیا جائے گا،طالبان رابطہ کار کمیٹی نے طالبان شوریٰ کو کہا ہے کہ وہ بامقصد مذاکرات کے لیے اپنا مشاورتی عمل جلد سے جلد مکمل کریں اور سیز فائر میں فوری طور پر توسیع کا اعلان کریں تاکہ براہ راست مذاکرات کا اگلا دور فوری شروع کیا جاسکے،طالبان قیادت مشاورت کے بعد اپنی اگلی حکمت عملی سے طالبان کمیٹی کوجلد آگاہ کردے گی۔
Load Next Story