سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

عمران اسماعیل کیخلاف عمران خان کی گرفتاری پر احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی کا مقدمہ ہے

فوٹو فائل

انسداد دہشتگردی کی منتظم عدالت نے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کو عمران خان کی گرفتاری پر احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

کراچی میں انسداد دہشتگردی کی منتظم عدالت کے روبرو عمران خان کی گرفتاری پر احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کو 2 روزہ پولیس ریمانڈ مکمل ہونے پر پیش کیا گیا۔

تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ ریمانڈ دیا جائے، جس پر عدالت نے عمران اسماعیل کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔


دوسری جانب سابق گورنر عمران اسماعیل کی اہلیہ نے جیل میں بی کلاس کی درخواست فراہم کرنے کے لیے منتظم عدالت میں درخواست دائر کر دی۔

دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ میرے شوہر صوبے کے گورنر رہ چکے ہیں اور ٹیکس پیئر بھی ہیں لہٰذا جیل میں بہتر کلاس عمران اسماعیل کا حق ہے۔ عمران اسماعیل کو جیل میں بی کلاس کی سہولت فراہم کی جائے۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت آمد پر سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی چھوڑنے کے حوالے سے مجھ پر کوئی دباؤ نہیں ہے، آفتاب صدیقی اپنی مرضی کے مالک ہیں۔
Load Next Story