جیو کی آئی ایس آئی کے خلاف مہم دشمن کے ہاتھوں میں کھیلنے کے مترادف ہے تحریک انصاف

پہلے بھی صحافی نشانہ بنے مگر اداروں کی طرف سے فوج یا خفیہ ایجنسیوں کو معتوب نہیں کیا گیا، میڈیا سنجیدگی کا مظاہرہ کرے


Numainda Express April 25, 2014
پہلے بھی صحافی نشانہ بنے مگر اداروں کی طرف سے فوج یا خفیہ ایجنسیوں کو معتوب نہیں کیا گیا، میڈیا سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف نے جیو، جنگ گروپ کی جانب سے افواج پاکستان اور ملک کی اہم ترین انٹیلی جنس ایجنسی پر الزامات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ریاسی ادارے جمہوری روایات اورآئین و قانون کے دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے کام کرنے کے پابند ہیں۔

کسی قابل ذکر ثبوت کے بغیر ملک کی اہم ترین خفیہ ایجنسی اور افواج پاکستان کوکڑی تنقید کا نشانہ بنایا جانا اور کھلے بندوں ان پر الزامات کی بارش انتہائی بدقسمتی ہے۔ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو چیئرمین عمران خان کی صدارت میں بنی گالہ میں ہوا ۔ تحریک انصاف کی قیادت کے مطابق مختلف اوقات میں دیگر سینئر صحافیوں اور شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا تاہم ان کے اداروں کی جانب سے کوئی ایسی تحریک نہیں چلائی گئی جس میں افواج پاکستان یا خفیہ ایجنسیوں کو معتوب کیا گیا ہو۔

اس قسم کا رویہ دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیلنے کے مترادف ہے۔ اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا کہ تحریک انصاف میڈیا کی مکمل آزادی کی پوری طرح تائید اور امید کرتی ہے کہ میڈیا اپنے عمل سے ثابت کرے گا کہ وہ بالغانہ اور سنجیدہ انداز میں اپنی آزادی کے استعمال سے واقف ہے۔ قرار داد میں وزیراعظم کی مکمل خاموشی اور وزرا کے متضاد بیانات کو صورت حال میں بگاڑ کی بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ حکومت نے جان بوجھ کر یا غلطی سے صورت حال کو سنگینی کی طرف دھکیلا۔ قرار داد میں صحافیوں کی سلامتی یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے تحریک انصاف کی قیادت نے حکومت پر واقعے کی مکمل اور بروقت تحقیقات اور مجرموں کے خلاف بھرپور کارروائی کیلیے بھی زور دیا۔۔ علاوہ ازیں عمران خان آج (جمعے کو ) تحریک انصاف کے 18ویں یومِ تاسیس کے موقع پرکارکنان سے خطاب کرینگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں