عمران خان نے کرپشن کی نشاندہی پر جنرل عاصم کو ڈی جی ISI کےعہدے سے ہٹایا وزیراعظم

نو مئی کے ذمہ دارانہ کو سزا نہیں دی گئی تو ملک نہیں بچے گا، وزیراعظم کا قومی اسمبلی میں خطاب


ویب ڈیسک May 22, 2023

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے بشریٰ بی بی کی کرپشن کی نشاندہی پر جنرل عاصم منیر کو ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے سے برطرف کیا تھا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایوان کا شکرگزار ہوں سانحہ 9 مئی پر قرارداد متفقہ طور پر منظور کی۔

انہوں نے کہا کہ سویلین تنصیبات پر حملوں میں ملوث جھتوں کیخلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ اور فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث افراد کیخلاف آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات چلیں گیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان واقعات کے بعد کوئی نیا قانون بننے نہیں جا رہا۔

مزید پڑھیں: 9 مئی کے واقعات کیخلاف قومی اسمبلی میں قرارداد کثرت رائے سے منظور

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ سپہ سالار نے بطور ڈی جی آئی ایس آئی عمران خان کی اہلیہ کی کرپشن کہ نشاندہی کی، عمران خان نے کرپشن کی نشاندہی پر جنرل عاصم منیر کو ڈی جی آئی ایس آئی کےعہدے سے ہٹایا اور کل پھر عمران خان نے ٹویٹ کر کے سفید جھوٹ بولا۔

شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ آرمی چیف جب ڈی جی آئی ایس آئی تھے تو وہ بشریٰ بی بی کی کرپشن سے واقف تھے، جس کا تذکرہ انہوں نے عمران خان سے کیا تو انہیں سید عاصم منیر کی یہ بات پسند نہیں آئی اور پھر انہیں عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: جناح ہاؤس حملہ؛ کوئی پاکستانی یہ کام نہیں کرسکتا یہ ملک دشمن کا کام ہے، وزیراعظم

وزیراعظم نے کہا کہ 60 ارب روپے کی کرپشن کے کیس میں نیب نے عمران خان کا وارنٹ جاری کیا، خدا گواہ ہے کہ نیب کے وارنٹ کا مجھے کوئی علم نہیں تھا، یہ 60 ارب روپے سندھ کے تھے جنہیں قومی خزانے میں آنا چاہیے تھا۔

یہ بھی پڑھیں: 9 مئی واقعات؛ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کرنے کیلیے آڈیو لیکس کمیشن قائم کیا، خواجہ آصف

اُن کا کہنا تھا کہ 60 ارب کی کرپشن کو عمران خان کیسے چھپائے گا اور کہاں لے کر جائے گا۔ خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی بیچ کر جعلی رسید پیش کر دیں۔ 9 مئی کو جو گرفتاری پر جو تباہی ہوئی وہ سب نے دیکھا جبکہ ہماری پیشیوں پر کوئی ایک گملہ تک نہیں ٹوٹا تھا اور عمران نیازی ہمارے کیسز پر خود ہدایات دیتے تھے۔ یہ پیسہ قومی خزانہ میں آنا چاہے تھا جو نہیں آیا، زور بازو کابینہ میں فیصلہ لیا گیا تھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ کس طریقے سے پاک امریکہ تعلقات کے پرخچے اڑائے گئے اور کئی ماہ تک سازش کا پراپیگنڈہ کیا، آج فون کرکے انہیں سے مدد مانگ رہے ہیں، اسی عطار کے لونڈے سے دوا لینے چلے گئے، چین کیساتھ جس طرح کا رویہ اختیار کیا گیا ؟ ان پر عمران نے الزام عائد کیا، چین ہمالیہ کی طرح ہمارے ساتھ کھڑا ہے جو سری نگر جی20 کانفرنس میں نہیں گیا بائیکاٹ کیا۔

انہوں نے کہا کہ چین کیساتھ سعودی عرب اور ترکیہ سے خبریں آئی ہیں جنہوں نے کشمیر کے معاملے پر والہانہ ساتھ دیا، وزیر خارجہ نے پاکستان کے خلاف ہونے والے پراپیگنڈا کا نوٹس لیا ہے، ہم چھوٹے وفود تشکیل دے کر بیرون ملک بھجوائیں گے، کل ہم نے اجلاس بلایا ہے اس حوالے سے فیصلہ کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ 19 سال بعد انٹرنیشنل گیمز کا افتتاح ہوا ہے ، کیا خوب کہا تھا کہ اے پتر ہٹاں تے نہیں وکدے، جنہوں نے قوم کے شہیدوں اور غازیوں کی بے حرمتی کی، قائد اعظم ہاؤس کو راکھ بنایا انکو قانون و آئین کے کٹہرے میں کھڑا کرنا ہوگا، اگر ان ذمہ داران کو سزا نہ دی گئی تو ملک نہیں بچے گا، جو واقعہ ہوا یہ ناقابل برداشت ہے، یہ قوم کی امانت ہے، قوم کی امانت قوم کو لوٹائی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔