اربن فاریسٹ پارک کے ایم سی کے حوالے ’واٹر ری سائیکلنگ کے ذریعے ان جنگلات کو اگایا‘
ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمٰن نے اربن فاریسٹ پارک کے بانی شہزاد قریشی کی کاوشوں کو سراہا
کلفٹن بلاک 5 کے علاقے میں بلدیہ عظمٰی کراچی کو اربن فاریسٹ پارک کی حوالگی کی تقریب سے اربن فاریسٹ پارک کے بانی شہزاد قریشی نے کہا کہ ہم نے پانچ برس قبل میاواکی طریقے کار سے مقامی پودوں لگا کر جنگلات بنانے کی کوشش کی۔
انہوں نے بتایا کہ بلدیہ عظمٰی کراچی کی جانب سے 3.5 ایکڑ فراہم کی گئی زمین کو اربن فاریسٹ میں تبدیل کرنے کا منصوبہ مکمل ہوگیا ہے اور اب اس کو کے ایم سی کے شعبہ باغبان کے حوالے کیا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ واٹر ری سائیکلنگ کے ذریعے ان جنگلات کو اگایا گیا ہے، یہاں محلے کے بچوں کے کھیل کود کے لیئے بھی خصوصی احاطہ بنایا گیا ہے، یہاں ہم فضلے سے مٹی میں کھاد ڈال رہے ہیں، ری سائیکل واٹر کی مدد سے ہم نے جھیل تیار کی ہے، پارس، پیپل، پیلو،بادام اور گوندی سمیت دیگر 40 مقامی نسل کے درخت لگائے گئے ہیں۔
شہزاد قریشی نے بتایا کہ بچوں کے کھیل کود کے لیئے ہم نے بہت نامیاتی ماحول کو فروغ دیا ہے تاکہ بچوں کو جسمانی صحت کی ورزش کے لیئے قائل کیا جاسکے،ہمیں زیادہ سے زیادہ شجرکار مہمات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے کیوںکہ جنگلات اور شجرکاری مہمات ہی موسمیاتی تبدیلیوں سے بچاؤ کے لیئے ڈھال کا کردار ادا کرتے ہیں۔
اس سلسلے میں ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمٰن نے اربن فاریسٹ پارک کے بانی شہزاد قریشی کی کاوشوں کو سراہا اور یقین دہانی کروائی کہ ٹیمز کے ذریعے اس پارک کی دیکھ بھال کو ممکن بنایا جائے گا۔
اربن فاریسٹ پارک کی حوالگی کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمٰن نے شرکت کی،اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پارکس بلدیہ عظمٰی کراچی جنید اللہ،امریکی اور جرمن قونصل خانے سمیت روٹری اور سول سوسائٹی کے نمائندگان بھی موجود تھے۔