اورنگی گھر میں داخل ہونیوالا ڈاکو ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو کر گرفتار
سپر ہائی وے الحبیب ریسٹورنٹ کے قریب پولیس مقابلے میں بھی دو ڈاکو زخمی ہوگئے
اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی کی نیت سے گھر میں داخل ہونے والے دو ڈاکوؤں کو گھر والوں نے پکڑنے کی کوشش کی تو ایک ڈاکو کی فائرنگ سے دوسرا ڈاکو زخمی ہوکر پکڑا گیا جبکہ ساتھی ڈاکو فرار ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان بازار تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 14 ایف لبیک شادی ہال کے قریب ڈکیتی کی نیت سے 2 ڈاکو گھر میں داخل ہوئے تو گھر والوں نے ڈاکوؤں کو پکڑنے کی کوشش کی۔ ایک ڈاکو نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اس کا اپنا ساتھی سر پرگولی لگنے سے زخمی ہوگیا جسے گھر والوں نے پکڑلیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔
اطلاع ملنے پر پولیس پہنچی، گرفتار ڈاکو کو عباسی اسپتال منتقل، اس کی شناخت عاشق ولد عبداللطیف کے نام سے ہوئی۔
ایس ایچ او سہیل خاصخیلی کے مطابق ڈاکو کے قبضے سے ایک پستول اور چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد ہوئی، پکڑا جانے والا ڈاکو سکھر کا رہائشی ہے اور اس کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں، گرفتارملزم سے مزید تفتیش کی جائے گی اوراس کے ساتھی کی گرفتاری کے لیے کوشش کی جا رہی ہیں۔
سپر ہائی وے الحبیب ریسٹورنٹ کے قریب مقابلے میں دو ڈاکو زخمی
دوسرے واقعے میں سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے سپر ہائی وے الحبیب ریسٹورنٹ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوؤں کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایس ایس پی زبیر نذیر شیخ کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوؤں کی شناخت انور خان اور سردار یوسف کے نام سے ہوئی ہے اور ان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے۔
گرفتار ڈاکو اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، گرفتار ملزمان کا مزید کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔