پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر بلال غفار کا پارٹی سے علیحدگی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان
اسمبلی رکنیت سے بھی استعفیٰ دوں گا اور کسی جماعت کا حصہ نہیں بنوں گا، بلال غفار
پاکستان تحریک انصاف کراچی کو ایک اور دھچکا اُس وقت لگا جب رکن سندھ اسمبلی اور نائب صدربلال غفار نے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے سیاست کو مکمل طور پر خیر باد کہہ دیا۔
پی ٹی آئی کراچی کے صدر آفتاب صدیقی کے بعد اب مرکزی نائب صدر بلال غفار نے بھی ایک وڈیو بیان جاری کر کے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھرمیں پرتشدد واقعات کے بعد سےمیں صدمے سے دوچار تھا، بحیثیت پاکستانی میں سوچ نہیں سکتا کہ اداروں کے خلاف کسی محاذ آرائی کا حصہ بنوں۔
رکن سندھ امسبلی بلال غٖفار نے کہا کہ ان واقعات کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ میں سیایست سے کنارہ کشی اختیارکرتے ہو ئے کہا کہ اسمبلی رکنیت اور پارٹی کی نائب صدر کی ذمہ داری سے بھی مستعفیٰ ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔
مزید پڑھیں: شیریں مزاری اور فیاض الحسن چوہان کا پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان
بلال غفار نے کہا کہ نومئی کے پر تشدد واقعات کی شدید مذمت کرتا ہو اور مطالبہ کرتا ہوں کہ جناح ہاؤس، جی ایچ کیو سمیت تمام تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی تحقیقات کر کے ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ میں اب کسی سیاسی جماعت کا حصہ نہیں بنوں گا لیکن پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار اداکرتا رہوں گا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنماؤں کے علیحدگی کے اعلان پر عمران خان کا ردعمل سامنے آگیا
واضح رہے کہ بلال غفار سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 103 سے 2018 کے عام انتخابات میں رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور وہ گزشتہ بارہ سال سے پی ٹی آئی میں اہم عہدوں پر تنظیمی امور انجام دے رہے تھے۔