ناردرن بائی پاس مویشی منڈی میں قربانی کے جانور پہنچنا شروع

مویشی منڈی میں سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے بلاجواز افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، ترجمان مویشی منڈی کا دعویٰ


Staff Reporter May 23, 2023
فوٹو : فائل

عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کے لیے ناردرن بائی پاس پر قائم کی گئی مویشی منڈی میں جانوروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اندرون ملک سے بیوپاریوں کی بڑی تعداد اپنے مویشیوں کو لیکر منڈی پہنچنا شروع ہوگئے اور اب تک 5 ہزار سے زائد قربانی کے جانور منڈی میں لائے جا چکے ہیں۔

ترجمان مویشی منڈی یاور رضا چاؤلہ نے بتایا کہ مویشی منڈی میں بیوپاریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور مویشی منڈی میں آنے والے بیوپاریوں کا تمام کمپیوٹراڈ ریکارڈ رکھا جا رہا ہے جس میں ''بار کوڈ'' کی مدد سے بیوپاری کی تمام تفصیلات اور قربانی کے لیے لائے گئے مویشیوں کی تعداد سمیت دیگر معلومات موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی کے لئے رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری کو مویشی منڈی کے داخلی راستوں کے ساتھ ساتھ مین ناردرن بائی پاس سمیت ملحقہ سڑکوں پر تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ گشت میں بھی غیر معمولی اضافہ کیا جا رہا ہے، مویشی منڈی کے 3 کلو میٹر اطراف میں پولیس اور رینجرز کے گشت کو یقینی بنایا گیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں ںے بتایا کہ مویشی منڈی میں سیکیورٹی کے فول پروف اقدامات کو ہرسطح پر یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ بیوپاریوں اور خریداروں کو کسی بھی قسم کی دقت یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے جبکہ مویشی منڈی میں سیکیورٹی کی ابتر صورتحال کے حوالے سے بلا جواز افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں جس میں کوئی صداقت نہیں۔

یاور رضا چاؤلہ نے بتایا کہ مویشی منڈی میں مارشلنگ چارجز میں گائے ، بیل اور اونٹ کی داخلہ فیس 4000 ہزار روپے جبکہ بکرے ، دنبے اور بھیڑ کی فیس 2000 روپے مختص کی گئی ہے ، مارشلنگ ایریا میں قربانی کے جانور لیکر آنے والے 22 ویلر ٹریلر کی فیس 4500 ، 16 سے 8 ویلر ٹرک کا فیس 2500 جبکہ 4 سے 6 ویلر ٹرک کی فیس 2000 روپے وصول کی جائیگی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مویشی منڈی سال 2023 میں وی آئی پی پلاٹ جس کا سائز 30X120 رکھا گیا ہے اس کی قیمت ڈیڑھ لاکھ روپے مختص کی گئی ہے جبکہ مویشی منڈی میں 160 لیٹر پانی کے لیے استعمال کیے جانے والے ڈرم کی قیمت 2500 ہزار جبکہ 220 لیٹر ڈرم کی قیمت 3000 روپے مقرر کی گئی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ پانی کے ڈرم نئے ہوتے ہیں اور ان پر مویشی منڈی 2023 ایمبوز ہوتا ہے اور اس حوالے سے یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ مذکورہ پانی کے ڈرم کیمیکل میں استعمال کیے جانے والے خالی ڈرم کو استعمال میں لایا جاتا ہے جو سراسر غلط ہے۔

یاور رضا نے مزید بتایا کہ بیوپاریوں کو ان کے مویشیوں کے حساب سے روز کی بنیاد پر 20 لیٹر پانی مفت فراہم کیا جاتا ہے اور پانی جمع کرنے کے لیے ان سے ڈرم کی مناسب قیمت وصول کر کے سہولت فراہم کی جاتی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ مویشی منڈی میں 45 روز کے لیے دیگر کاروبار کے لیے اسٹال اور شاپس کے نرخ مختص کر دیئے گئے ہیں جس میں 10X10 کا اسٹال 30 ہزار جبکہ دکان کے 50 ہزار روپے وصول کیے جا رہے ہیں ، مویشی منڈی میں آنے والے شہریوں سے پارکنگ فیس کی مد میں گاڑیوں کی 100 جبکہ موٹر سائیکل کی پارکنگ فیس 50 روپے وصول کی جائیگی ، مویشی منڈی میں گاڑی و موٹر سائیکل اندر لیجانے کے لیے جاری کیے جانے والے خصوصی پاس کی قیمت بھی مقرر کر دی گئی ہے جس میں کار کی انٹری کا پاس 6000 ہزار جبکہ موٹر سائیکل کا انٹری پاس 3500 ہزار روپے میں جاری کیے جا رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں