لاہور چڑیا گھر کا سرپلس شیروں کے بدلے نجی فارمز سے نایاب جانور لینے کا فیصلہ
سرپلس شیروں اور ٹائیگرز کے بدلے ہرن، پوما اور دیگر جانور حاصل کئے جائیں گے
لاہورچڑیا گھر انتظامیہ نے سرپلس شیروں اورٹائیگرز کا پرائیویٹ بریڈنگ فارمز میں موجود نایاب جانوروں کے ساتھ تبادلے کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور چڑیا گھر کے ڈائریکٹر عظیم ظفر نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ چڑیا گھر میں اس وقت 5 لائن، تین ٹائیگر اورمتعدد ہرن سرپلس ہیں جن کے بدلے نایاب جانور حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تبالے کے طورپرایسے جانور لئے جائیں گے جو چڑیا گھرمیں موجود نہیں یا ماضی میں یہاں کا حصہ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایسے جانوربھی حاصل کئے جائیں گی جن کی نریا مادہ چڑیا گھرمیں موجود ہے تاکہ ان کے جوڑے بناکربریڈنگ کروائی جاسکے، جانوروں کے تبادلے کی منظوری کے لئے ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جو فیصلہ کرے گی۔ لاہور چڑیا گھر کوابھی تک 6 بریڈنگ فارمز کی طرف سے مختلف جانوروں کے تبادلوں کی آفرزآئی ہیں تاہم اس کا فیصلہ کمیٹی کرے گی۔
ذرائع کے مطابق چڑیا گھر اینیمل ایکسچینج کمیٹی نے نایاب نسل کے ہرن اوریکس، اڈیکس، پوما اور چند دوسرے جانورمنتخب کئے ہیں، کمیٹی اب ان فارم ہاوسزکا دورہ کرکے جانوروں کی صحت کاجائزہ لے گی۔ ذرائع کے مطابق وائلڈ لائف حکام نے سرپلس ہرنوں کا تبادلہ کرنے سے روک دیا ہے سرپلس ہرنوں کو مختلف سرکاری چڑیا گھروں کے علاوہ وائلڈ میں چھوڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
لاہورچڑیا گھرمیں تفریح کے لئے آنیوالے شہریوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح چڑیا گھرمیں جانوروں کی نئی ورائٹی دیکھنے کو ملے گی، چڑیا گھردیکھنے آنیوالے بچوں کی خواہش ہے کہ ہاتھی، چمپینزی بھی ہونا چاہیے کیونکہ چڑیا گھرکی اصل رونق ان جانوروں سے بحال ہوتی ہے۔
علاوہ ازیں بہاولپورچڑیا گھرسے ایک سرپلس ٹائیگر لاہورچڑیا گھرکو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، نیا مہمان آئندہ چند روز میں لاہورچڑیا گھرپہنچ جائیگا۔