موٹروے ایم 6 میگا کرپشن کیس اہم ملزم ڈرامائی انداز میں گرفتار

ضمانت منسوخی پر وکلا نے بار روم میں پناہ لینے کی کوشش ناکام بنا دی


Numainda Express May 24, 2023
ملزم اسلم پیرازدہ مٹیاری کی اہم سیاسی شخصیت کا قریبی ساتھی ہے۔ فوٹو: فائل

قومی احتساب بیورو نے ایم 6 میگا کرپشن کیس میں اہم ملزم اسلم پیرزادہ کو ڈرامائی انداز میں گرفتارکرلیا۔

حیدرآباد، سکھر موٹر وے ایم 6 میں دو ارب سینتیس کروڑ سے زائد میگا کرپشن کیس میں نامزد ملزم محمد اسلم پیرزادہ نے گرفتاری سے بچنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد سرکٹ سے عبوری ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کررکھی تھی۔

منگل کے روز سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد نے نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر کی جانب سے فراہم کیے جانے والے شواہد کی روشنی میں نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے محمد اسلم پیرزادہ کی عبوری ضمانت قبل ازگرفتاری منسوخ اور اس متعلق دائر ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست مسترد کر دی۔

یہ بھی پڑھیں: موٹروے اسکینڈل؛ سابق وزیر کے پرسنل اسسٹنٹ سے 44 کروڑ کی ریکوری

عدالتی فیصلے سے قبل ہی ملزم محمداسلم پیرزادہ کمرہ عدالت سے باہرآگئے اور بار روم میں جاکر بیٹھ گئے جبکہ نیب ٹیم انہیں گرفتارکرنے کے لیے بار روم کے باہر موجود رہی اور نیب اہلکار ان پرنگاہ رکھنے کے لیے بار روم کو بار بارچیک کرتے رہے۔

کئی گھنٹوں بعد وکلاء نے ملزم کو بار روم سے باہر نکال دیا کہ آپ کی وجہ سے یہ تاثرجارہا ہے کہ وکلاء آپ کو بچارہے ہیں جس پر وہ بار روم سے باہرکھڑے ہوگئے تواس پر بھی وکلاء نے اعتراض کرتے ہوئے انھیں وہاں سے جانے کیلیے کہا جبکہ اس موقع پر ایک وکیل نے ملزم کو تھپڑ بھی مارا، اس معاملے پرملزم اسلم پیرزادہ کے ہمراہ موجود افراد اور وکلاء کے درمیان ہاتھا پائی ہوتے ہوتے رہ گئی۔

یہ بھی پڑھیں: موٹروے کرپشن؛ ڈی سی نوشہرو فیروز کی گرفتاری کیلیے انٹرپول سے رابطے کا فیصلہ

واضح رہے کہ حیدرآباد تاسکھر موٹروے کی تعمیر کیلیے زمین کی خریداری میں مٹیاری اور نوشہروفیروز اضلاع میں 2 ارب 37 کروڑ سے زائد کرپشن سے متعلق نیب ریفرنس احتساب عدالت حیدرآباد میں زیر سماعت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں