جو 8 گھنٹے آئی ایس آئی اور اس کے چیف کیساتھ کیا گیا ایسا تو دشمن بھی نہ کرے عمران خان

پیمرا اس بات کی تحقیقات کرائے کہ حامد میر کی آڑ میں کسی کا ایجنڈا تو پورا نہیں کیا جارہا،چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک April 25, 2014
11 مئی کے انتخابات میں دھاندلی کی گئی اورسابق چیف جسٹس بھی میچ فکسنگ کا حصہ تھے،عمران خان۔ فوٹو:ایکسپریس نیوز

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جو 8گھنٹے میں آئی ایس آئی اور اس کے چیف کے ساتھ کیا گیا ایسا تو کوئی دشمن بھی نہیں کرتا بلکہ معلوم کیا جائے کہ حامد میر کی آڑ میں کسی کا ایجنڈا تو پورا نہیں کیا جارہا۔


تحریک انصاف کے اٹھارویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں ہمیشہ طالبان کا حامی کہا گیا لیکن ہم اپنی فوج کو سول جنگ کا حصہ نہیں دیکھنا چاہتے اس لئے طالبان سے مذاکرات کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار کے نام پر 8 گھنٹے تک آئی ایس آئی اور اس کے چیف کے خلاف کسی ثبوت کے بغیر الزامات لگائے گئے جس سے دنیا بھر میں قومی ادارے کی بدنامی ہوئی، پیمرا سے مطالبہ ہے کہ تحقیقات کی جائے کہ حامد میر کی آڑ میں کوئی اپنا ایجنڈا تو پورا نہیں کر رہا۔


عمران خان نے کہا کہ عام انتخابات میں تاریخ کی بدترین دھاندلی کی گئی جس کے خلاف سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سے اپیل کی کہ صرف 4 حلقوں میں دھاندلی کی تحقیقات کرادی جائیں لیکن سابق چیف جسٹس بھی میچ فکسنگ میں ملوث تھے۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی پر مبنی انتخابات کے خلاف 11 مئی کو سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا جائے گا اور جو جماعت سمجھتی ہے کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو اسے احتجاج میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں