پاکستان جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائے امریکا

کسی ایک مخصوص سیاست دان یا جماعت کی حمایت یا مخالفت نہیں بلکہ جمہوری اصولوں کی پاسداری کا مطالبہ کرتے ہیں، امریکا

پاکستان میں کسی ایک مخصوص سیایسی جماعت یا رہنما کی حمایت یا مخالفت نہیں کرتے؛ امریکا (فوٹو: فائل)

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ پاکستان میں کسی ایک مخصوص سیاست دان یا جماعت کی حمایت یا مخالفت نہیں کرتے البتہ جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ہفتہ وار بریفنگ میں پاکستان کے علاقے ہنگو میں گیس اور آئل کی تنصیبات پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی صورت حال کو غور سے دیکھ رہے ہیں۔

ایک صحافی نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاری سے متعلق سوال پوچھا جس پر میتھیو ملر نے کہا کہ کسی ایک مخصوص جماعت یا رہنما کے بارے میں تبصرہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں تاہم امریکا پاکستان میں جمہوری اصولوں، آزادیٔ اظہار اور قانون کی حکمرانی کے احترام اور اس کے مساوی اطلاق پر زور دیتے ہیں۔


میتھیو ملر نے مزید کہا کہ ہم دنیا بھی کہیں بھی کسی بھی ملک میں جمہوری اصولوں کے احترام، قوانین کے یکساں اطلاق، آزادیٔ اظہار رائے اور قانون کی حکمرانی پر زور دیتے ہیں اور پاکستان میں بھی اسی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران جی ایچ کیو اور کور کمانڈر ہاؤس سمیت عوامی مقامات پر تھوڑ پھوڑ اور آگ لگائی گئی تھی۔

پُرتشدد مظاہروں کے بعد سے تحریک انصاف کے خلاف کریک ڈاؤن آپریشن میں اہم رہنماؤں اور کارکنان کو حراست میں لیا گیا جس کے بعد سابق وفاقی وزیر شیری مزاری اور فیاض الحسن چوہان سمیت کئی ارکان اسمبلی اور رہنماؤں نے پارٹی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔

 
Load Next Story