کراچی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے موٹرسائیکل مکینک قتل

فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، پولیس


ویب ڈیسک May 24, 2023
فوٹو : ایکسپریس نیوز

اورنگی ٹاؤن الطاف نگر میں نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے موٹرسائیکل مکینک نوجوان کو قتل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق منگھوپیر تھانے کےعلاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ الطاف نگر میں نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے موٹرسائیکل سوار نوجوان کو قتل کر دیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔

مقتول نوجوان کی شناخت 22 سالہ مزمل ولد محمد حسین کے نام سے کی گئی۔ مقتول نوجوان اورنگی ٹاؤن الطاف نگر کا رہائشی اور موٹر سائیکل مکینک تھا اور مقتول کی الطاف نگر روڈ پر ہی موٹر سائیکل مکینک کی شاپ تھی۔

ایس ایچ او منگھو پیر ندیم صدیقی نے دعویٰ کیا ہے کہ مقتول نوجوان کو 2 نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کیا ہے، مقتول نوجون کو ایک ہی گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

انھوں نے بتایا کہ مقتول نوجوان سے لوٹ مار کی کوئی واردات نہیں ہوئی کیونکہ مقتول نوجوان کے پاس موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکل بھی موجود ہے اس لیے فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔

پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کر کے واقعے کی مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔

عباسی شہید اسپتال میں موجود مقتول نوجوان کے پڑوسی کے مطابق مقتول نوجوان مزمل اپنے بڑے بھائی کی موٹرسائیکل اور اپنا موبائل فون لیکر ناشتا لینے کے لیے ڈبل روڈ کی جانب نکلا تھا کہ راستے میں نامعلوم مسلح ملزمان نے اسے روکا اور نوجوان سے لوٹ مار کرنے کی کوشش کی۔

مسلح ملزمان نے موبائل فون چھیننے کے بعد موٹرسائیکل چھینے کی کوشش کی، اس دوران نوجوان نے مزاحمت کی جس پر مسلح ملزمان سے ہاتھا پائی بھی ہوئی اور مسلح ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ نوجوان کو دو گولیاں لگی اور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

مقتول نوجوان کے پڑوسی نے اعلیٰ پولیس افسران سے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہ کہ نوجوان کے قتل میں ملوث ملزمان کوفل الفور گرفتارکرکے قرار واقعے سزا دی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں