9 مئی واقعات پی ٹی آئی اعلیٰ قیادت کے 6 اہم شخصیات سے روابط کا انکشاف
8مئی زمان پارک اور9مئی جناح ہاؤس بلوے میں 154 موبائل نمبرز مشترک پائے گئے، جیوفینسنگ ریکارڈ میں ہوشربا انکشافات
9 مئی کو ہونے والے پرتشدد واقعات کے تناظر میں پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کے 6 اہم شخصیات سے روابط کا ریکارڈ سامنے آ گیا۔
تکنیکی تجزیے اور جیوفینسنگ کے ذریعے پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت کے رابطوں سے متعلق ہوشربا انکشافات سامنے آ گئی۔ پی ٹی آئی قیادت کی 6 اہم شخصیات کے روابط کا ریکارڈ منظرعام پر آ گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ 8مئی زمان پارک اور9مئی جناح ہاؤس بلوے میں 154 موبائل نمبرز مشترک پائے گئے ۔ ریکارڈ کے مطابق یاسمین راشد،حماد اظہر،محمود الرشید ، اعجاز چوہدری ،اسلم اقبال اور مراد راس بلوائیوں سےمسلسل رابطے میں رہے۔ 215 کالرز 9 مئی کو 6 رہنماؤں کے ساتھ رابطوں میں رہے۔
جیوفینسنگ ریکارڈ میں انکشاف ہوا ہے کہ یاسمین راشد کارابطہ بذریعہ کالز41 بارہوا ۔ حماد اظہر کے موبائل نمبر سے 10 کالز شرپسندوں کو کی گئیں ۔ محمود الرشید 75 بار موبائل رابطوں کے ساتھ سرفہرست رہے۔ اعجازچوہدری کی جانب سے کی جانے والی اورموصول ہونےوالی 50 کالزریکارڈ میں آئیں۔ اسلم اقبال 16 ،مراد راس نے 23 کالز جناح ہاؤس میں موجود شرپسندوں کو کیں ۔
پولیس ذرائع کے مطابق عمران خان کی گرفتاری سے قبل ہی اس حوالے سے خدشات کے پیش نظر ردعمل تیار کیا گیا تھا۔