افغانستان کے شمالی علاقوں میں مسلسل 2 روز سے جاری شدید بارش سیلاب کی صورت اختیار کرگئی جس کے نتیجے میں 80 سے زائد افراد ہلاک اور سیکڑوں گھر پانی میں بہہ گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے شمالی صوبوں میں بدھ سے جاری مسلسل بارش کے بعد صوبہ جوزجان ، فریاب اور سارے پل میں سیلاب کے باعث 80 سے زائد افراد ہلاک اور سیکڑوں لاپتہ ہوگئے جبکہ ہزاروں گھربھی پانی میں بہہ گئے، حکام کے مطابق متاثرہ صوبوں میں امدادی کام شروع کردیا گیا ہے جبکہ 200 سے زائد متاثرہ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
حکام کے مطابق نہ رکنے والی بارش کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے تاہم امدادی کارروائیوں میں فوج کی بھی مدد حاصل کرلی گئی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث صوبہ جوزجان میں 43، فریاب میں 33 اور سارے پل میں 6 افراد ہلاک ہوئے تاہم مسلسل بارش اور تباہی کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔