تخریب کار گروہ اپنے انجام کو پہنچ گیا مریم نواز
9 مئی کے گھناونے جرم پر عمران خان کی اپنی جماعت میں کوئی اُسکا ساتھ دینے کو تیار نہیں، چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن)
مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ تخریب کار گروہ اپنے انجام کو پہنچ گیا، پاکستان اب سکھ کا سانس لے گا اور آگے بڑھے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہا کہ جو جرم 9 مئی کو عمران خان نے کیا کوئی بھی یہاں تک کہ اس کی اپنی جماعت بھی اس گھناؤنے جرم میں اسکا ساتھ دینے کو تیار نہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کے لیے تھوڑا سا بھی درد رکھنے والا سیاست میں تشدد کا حامی نہیں ہوسکتا لیکن یہاں پر تو عمران خان نے پورا ملک ہی جلا ڈالا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی ذی شعور پاکستانی فوجی تنصیبات، سرکاری، ریاستی اور سکیورٹی عمارتوں پر حملوں، توڑ پھوڑ اور جلانے کی حمایت نہیں کرسکتا، یہ کام ٹی ٹی پی نے کیا یا پی ٹی آئی نے کیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ یاد رکھیں سیاست اور سیاسی تقسیم بعد میں جبکہ پاکستان پہلے ہے، پاکستان کی سیاست میں ایسی پرتشدد سوچ رکھنے والے کسی گروہ کی کوئی جگہ نہیں ہے۔