مشال خان کی بہن نے امریکی یونیورسٹی سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کرلی
استوریا اقبال نے کہا کہ وہ ڈگری اپنے بھائی اور ’ شہید علم‘ مشال خان کے نام کرتی ہیں
مردان کی عبدالولی خان یونیورسٹی میں توہین مذہب کے الزام میں قتل ہونے والے طالب علم مشال خان کی بہن استوریا اقبال نے نیویارک، امریکا کی بفلو یونی ورسٹی سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کرلی۔
استوریا اقبال نے اپنے ٹوئٹراکاؤنٹ کے ذریعے اطلاع دی کہ انہوں نے نیویارک کی بفلو یونی ورسٹی سے بایومیڈیکل انجنیئرنگ میں گریجویشن مکمل کرلی ہے۔
استوریا نے مزید لکھا کہ ڈگری کے ساتھ ساتھ انہوں نے ' اسٹوڈنٹ انگیجمنٹ ایمبسیڈر انٹرن شپ ' اور ' پیر مینٹورشپ ' بھی مکمل کی ہے۔
استوریا اقبال نے کہا کہ وہ اپنی ڈگری اپنے بھائی اور ' شہید علم' مشال خان کے نام کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ استوریا کے بھائی مشال خان کو 13 اپریل 2017 کو عبدالولی خان یونی ورسٹی میں توہین مذہب کے الزام میں تشدد کرکے قتل کردیا گیا تھا۔