بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے ساتھ فلم 'جوان' میں اسکرین شیئر کرنے والی اداکارہ ثانیہ ملہوترا نے کنگ خان کے ساتھ اپنے کام کے تجربے کو بیان کیا ہے۔
بھارتی میڈیا سے خصوصی گفتگو میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ کنگ خان کے ساتھ فلم میں کام کرنا ایک خواب کے جیسا ہے اور وہ اس پر نہایت خوش ہیں۔
ثانیہ ملہوترا کا کہنا تھا 'مجھے علم نہیں ہے کہ یہ موقع مجھے کیسے ملا لیکن جب مجھے یہ موقع ملا تو میں نے تہیہ کرلیا کہ اسے اپنے ہاتھ سے جانے نہیں دوں گی'۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے سے کیسے منع کرسکتا ہے؟ ان کے ساتھ کام کرنا تو ہر ایک کا خواب ہے اور وہ بہت خوش ہیں کہ انہیں اس کا شاندار موقع ملا۔
اداکارہ نے کہا کہ انہیں تو اب تک اس بات کا یقین نہیں آرہا کہ وہ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم بنارہی تھیں اور جب وہ فلم کو خود دیکھیں گی تو تب ان کو یقین آئے گا۔
واضح رہے کہ ثانیہ ملہوترا نے بالی وڈ میں اپنے شوبز کیریئر کا آغاز سپراسٹار عامر خان کی بلاک بسٹر فلم 'دنگل' سے کیا تھا۔