تھری اور فورجی لائسنسزنیلام ہوتے ہی سروسز کی آزمائش شروع

بڑے شہروں میں مفت سروس کی فراہمی سے اسمارٹ فونزکی فروخت میں بھی اضافہ ہوگیا


Business Reporter April 26, 2014
مقصد نیٹ ورک پر لوڈ کا اندازہ لگانا ہے،کوالٹی بہتر رکھنے میں مدد ملے گی، کمپنی نمائندہ ۔ فوٹو :فائل

تھری وفورجی ٹیکنالوجی کے لائسنس کی کامیاب نیلامی کے بعد ٹیلی کام انڈسٹری میں سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔

لائسنس حاصل کرنے والی کمپنیوں نے بڑے شہروں میں تجرباتی بنیادوں پر صارفین کو مفت تھری جی سروس کی فراہمی شروع کردی ہے جس کے بعد مقامی مارکیٹ میں اسمارٹ فونز کی فروخت میں بھی نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ تھری جی لائسنس حاصل کرنے والی ایک یورپی کمپنی کے نمائندے نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ ان کی کمپنی نے بڑے شہروں میں اپنے صارفین کے لیے آزمائشی بنیادوں پر تھری جی کی مفت سروس کی فراہمی کا آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سروس کی فراہمی کا مقصد تھری جی نیٹ ورک پر لوڈ کا اندازہ لگانا ہے جس سے سروس کوالٹی کو بہتر رکھنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ تھری جی نیٹ ورک پر اب تک کے بہترین نتائج حاصل ہورہے ہیں، بڑے شہروں میں تمام تھری جی سیل سائٹ آن کردی گئی ہیں اور صارفین کو بذریعہ ایس ایم ایس مطلع کردیا گیا ہے کہ وہ تھری جی کی آزمائشی مفت سروس سے استفادہ کرسکتے ہیں اس مقصد کے لیے صارفین کو ایک معلوماتی نمبر بھی جاری کیا گیا ہے جس پر ایس ایم ایس کرکے صارف معلوم کرسکتے ہیں کہ ان کے علاقے میں آزمائشی تھری جی دستیاب ہے یا نہیں۔

ادھر موبائل مارکیٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تھری جی لائسنس کی کامیاب نیلامی کے بعد اسمارٹ فونز کی طلب میں غیرمعمولی اضافہ ہوگیا ہے، صارفین کی بڑی تعداد آئندہ بجٹ میں اسمارٹ فونز پر ٹیکس لگائے جانے کے خدشات کے سبب فوری طور پر اسمارٹ فونز کی خریداری کو ترجیح دے رہی ہے جبکہ کمپنیوں کی جانب سے صارفین کو آزمائشی بنیادوں پر مفت تھری جی کی فراہمی نے بھی اسمارٹ فونز کی طلب بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ تھری جی سروس کی مارکیٹنگ کے لیے بھاری بجٹ مختص کیے گئے ہیں، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ لارج میڈیا پر بھی کثیر اخراجات کیے جارہے ہیں جس سے ایڈورٹائزنگ کی صنعت میں بھی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں، شہر میں تھری جی اور فورجی سروس سے متعلق بینزر اور ہورڈنگز آویزاں کیے جاچکے ہیں جس سے روزگار کی فراہمی کے لیے نئی ٹیکنالوجی سے وابستہ امیدیں پوری ہونا شروع ہوگئی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں