انٹر کے کئی امتحانی مراکز میں اساتذہ کے بجائے غیر تدریسی عملہ ڈیوٹی دینے لگا

بورڈ نے نوٹسز جاری کردیے،22طلبانقل کرتے ہوئے پکڑے گئے،سپر ویجلنس ٹیم کاگلشن کالج کا دورہ


Staff Reporter April 26, 2014
مجموعی طور پر 22 امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ فوٹو: ایکسپریس / فائل

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت جاری انٹرکے پہلے مرحلے کے سالانہ امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام کیلیے سپرویجلنس اور ویجلنس ٹیموں کا امتحانی مراکز پر دوروں کا سلسلہ جاری ہے۔

انٹرکے کئی امتحانی مراکزمیں اساتذہ کے بجائے غیرتدریسی عملے ڈیوٹی دینے لگا، بورڈ اور محکمہ تعلیم کے حکام پر مشتمل ٹیم نے جمعہ کو گورنمنٹ ڈگری کالج گلشن اقبال بلاک 7 کادورہ کیا، وہاں جاری امتحانی عمل کاجائزہ لیا گیا ،کمیٹی کے اراکین میں چیئرمین بورڈ پروفیسرانوار احمد زئی، ڈائریکٹر جنرل کالجز پروفیسرڈاکٹر ناصر انصار، ناظم امتحانات عمران چشتی، سیکریٹری بورڈ قاضی ارشد و دیگر بھی موجود تھے،کمیٹی کے اراکین نے مذکورہ کالج کے کچھ کمروں میں غیر تدریسی عملے کی جانب سے ڈیوٹی دینے کا سخت نوٹس لیا، فوری طورپر لیبس اور اسٹاف روم میں بیٹھے ہوئے اساتذہ کو امتحانی عمل میں شامل ہونے کا پابند کیا گیا، علاوہ ازیں ویجلنس ٹیموں نے جمعہ کو مختلف امتحانی مراکز سے مجموعی طورپر22 طلبا کونقل کرتے ہوئے پکڑلیا جن کے کیسز '' ان فیئرمینز کمیٹی'' کے حوالے کردیے گئے ہیں۔

دریں اثنا اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے امتحانی امورمیں غیر تدریسی عملے کو شریک کرنے اور نگرانی کروانے پر امتحانی مراکز کو اظہار وجوہ کے نوٹسز بھی جاری کردیے،بورڈکے اعلامیے کے مطابق چیئرمین بورڈ پروفیسر انوار احمد زئی نے ایسے امتحانی مراکزکو شوکاز نوٹس جاری کیے ہیں ،اچانک معائنوں کے دوران غیر تدریسی عملے کو نگرانی کے فرائض انجام دیتے ہوئے پایا گیا تھا ، اس کے ساتھ ہی چیئرمین انٹربورڈ نے تازہ مراسلے کے ذریعے ایک بار پھر تمام امتحانی مراکز کے سربراہوں سے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کی ہدایات اور صوبائی محکمہ تعلیم کی زیرصدارت اسٹیئرنگ کمیٹی کے سینئر وزیر تعلیم کی زیرصدارت ہونیوالے اجلاس کے فیصلوں کے مطابق صوبے کے کسی امتحانی مرکز میں کسی غیرتدریسی کارکن کو امتحانی نگرانی کی ڈیوٹی تفویض نہیں کی جاسکتی۔

اس کے باوجود بعض امتحانی مراکز میں دوران معائنہ ایسے چند افراد کودیکھا گیا جوتدریسی کیڈر سے تعلق نہیں رکھتے تھے جنھیں اسی وقت ان کے کام سے فارغ کر کے وہاں تدریسی عملے کوتعینات کردیا گیا، بورڈ کی جانب سے جاری مراسلے میں یاد دہانی کے لیے مزید کہا گیا ہے کہ کمرہ امتحان میں امیدواروں کو موبائل فون اپنے ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں ہے اگر کسی امیدوار کے پاس موبائل فون پایا جائے تو موبائل فون کی بیٹری نکال کر انھیں ضبط کرلیا جائے ، واضح رہے کہ جمعہ کو صبح کی شفٹ میںگیارہویں کلاس پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ کا انگریزی کا پرچہ ہوا ، شام کی شفٹ میں کامرس گیارہویں کلاس کا بزنس میتھ میتھکس کا امتحان لیا گیا، اس موقع پر سینئر اساتذہ پر مشتمل مختلف ویجی لینس ٹیموں نے امتحانی مراکز کا اچانک معائنہ کیا اور مجموعی طور پر 22 امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں