جعلی سرکاری گاڑی میں بلوچستان سے سندھ منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

جعلی سرکاری ویگو کو روکنے پر ملزم نے فرار کی کوشش کی، نشاندہی پر ایک اور جعلی سرکاری گاڑی سے منشیات برآمد کرلی گئی

اے این ایف حکام نے جعلی سرکاری وردی پہنے ملزم کو گرفتار کرلیا

بلوچستان سے جعلی سرکاری گاڑی کے ذریعے منشیات سندھ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق ملک میں انسداد منشیات کی کارروائیاں جاری ہیں اور اس سلسلے میں کوئٹہ سے سندھ منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

اے این ایف نے خفیہ اطلاع پر جعلی سرکاری گاڑی اورجعلی سرکاری یونیفارم پہنے شخص سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔ کارروائی کے دوران ناکابندی کے ذریعےجعلی سرکاری ویگو پک اپ گاڑی کو روکنے کی کوشش کی گئی، جس میں ملزم نے ناکا توڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی۔


اے این ایف نے ملزم کا تعاقب کرکے کوئٹہ سبی روڈ کے قریب گاڑی زبردستی رکوائی اور 700 کلو چرس برآمد کرلی۔ اے این ایف نے کوئٹہ کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا، جس کی نشاندہی پر توغی روڈ کوئٹہ سے ایک اور جعلی سرکاری نمبر پلیٹ لگی گاڑی سے مزید 100 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔

اُدھر اٹک چھمچھ انٹرچینج کے قریب ایک دوسری کارروائی کے دوران کار سے 2 کلو 460 گرام افیون برآمد کرکے اٹک اور صوابی کے رہائشی 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

علاوہ ازیں پشاور چارسدہ روڈ کے قریب گاڑی سے 24 کلو افیون اور 18 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ تمام کارروائیوں میں ملزمان کو گرفتار مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ اے این ایف نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
Load Next Story