افغانستان میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی 150 سے زائد افراد ہلاک درجنوں لاپتہ

تباہ کن بارشوں کے باعث متعدد گاؤں زیر آب آ گئے ہیں جب کہ ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔

مسلسل بارشوں کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، افغان حکام۔ فوٹو؛ فائل

ISLAMABAD:
افغانستان کے شمال مغربی علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی کے نتیجے میں150 سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہو گئے ہیں۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کے شمال مغربی صوبوں جاوزجان، فریاب، سرے پل اور بد غیث میں گزشتہ 3 روز سے جاری شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں 150 سے زائد افراد ہلاک اور درجنوں لاپتہ ہو گئے ہیں۔ تباہ کن بارشوں کے باعث متعدد گاؤں زیر آب آ گئے ہیں جب کہ ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔


ڈپٹی گورنر جاوزجان کا کہنا ہے کہ صرف جاوزجان میں خواتین اور بچوں سمیت 100 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ فریاب میں 40 اور سرے پل میں 15 کے قریب افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

افغان حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے اور مسلسل بارشوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لئے فوج کی مدد بھی حاصل کر لی گئی ہے۔
Load Next Story