5 سال میں ملک کو اندھیروں سے نکال کر خوشحال بنا دیں گے شہباز شریف

وزیراعظم نواز شریف اگلے ماہ 2400 میگاواٹ کے 4 منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے، شہباز شریف

پنجاب حکومت اس برس کسانوں سے 40 لاکھ ٹن گندم خریدے گی، شہباز شریف۔ فوٹو: فائل

وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ 5 سالوں میں ملک کو اندھیروں سے نکال کر خوشحال بنا دیں گے۔


اوکاڑہ کے علاقے دیپالپور میں گندم کی کٹائی کے افتتاح کے بعد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام نے موجود حکومت کو 5 برس کا مینڈیٹ دیا ہے، اپنے دور حکومت میں ملک سے اندھیرے دور کرکے اسے خوشحال بنا دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ کسانوں سے کسی قسم کی ریادتی نہیں کی جائے گی، کسانوں کو وافر مقدار میں بجلی فراہم کی جائے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ رواں سال گندم کی ریکارڈ فصل حاصل ہو گی جسے برآمد کر کے کثیر زرمبادلہ حاصل کیا جائے گا، پنجاب حکومت اس برس کسانوں سے 40 لاکھ ٹن گندم خریدے گی، گندم کی خریداری کے پنجاب کے مختلف علاقوں میں مراکز قائم کئے جائیں گے اور شفافیت کو ترجیح دی جائے گی۔ وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام جاری ہے، وزیراعظم نواز شریف اگلے ماہ 2400 میگاواٹ کے 4 منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے، 2منصوبے کراچی اور 2 ساہیوال میں شروع ہوں گے، سابق حکومت کی غفلت کی وجہ سے نندی پور پاور پراجیکٹ کی مشینری 3سال تک کراچی پورٹ پر خراب ہوتی رہی، منصوبے پر دن رات کام جاری ہے، اگلے ماہ پہلا جنریٹر کام شروع کر دے گا۔
Load Next Story