عمران خان نے حکومت سے بات چیت کے لیے 7 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی

کمیٹی میں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک اور مراد سعید سمیت دیگر شامل ہیں، حکومت کے ساتھ الیکشن کے لائحہ عمل پر بات ہوگی


ویب ڈیسک May 27, 2023
فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کے ساتھ بات چیت کے لیے پی ٹی آئی کی 7 رکنی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی۔

پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق عمران خان کی ہدایت پر مذاکراتی کمیٹی کے قیام کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ کمیٹی میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد قیصر، حلیم عادل شیخ، عون عباسی، مراد سعید اور حماد اظہر شامل ہیں۔

پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی حکومتی اراکین کے ساتھ بات چیت کر کے انتخابات کے حوالے سے لائحہ عمل طے کرے گی۔

قبل ازیں عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے خالی عہدوں پر بھرتیاں شروع کرتے ہوئے عمر ایوب خان کو پی ٹی آئی کا سیکرٹری جنرل مقرر کر دیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق عمر ایوب خان بطور سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی پارٹی کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ واضح رہے کہ اسد عمر کے استعفے کے بعد سیکریٹری جنرل کا عہدہ خالی ہوگیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔