کراچی کم عمر ڈاکوؤں کی دفتر کے باہربیٹھے ملازمین سےلوٹ مار ویڈیو وائرل

3 کم عمر مسلح ملزمان اسلحے کے زور پر مقامی انٹر نیٹ کیبل کے دفتر کے باہر ملازمین سے موبائل فون چھین کر فرار ہوئے

سی سی ٹی وی فوٹیج میں فرار ہوتے ہوئے ملزمان کے چہرے واضح طور پر دیکھے جاسکتے ہیں(فوٹو: اسکرین گریب )

لانڈھی زمان آباد میں موٹر سائیکل سوار 3 کم عمر مسلح ملزمان نے اسلحہ کے زور پر مقامی انٹر نیٹ کیبل کے دفتر کے باہر بیٹھے 3 ملازموں سے موبائل فون چھین لیے، فیڈرل بی ایریا میں دکانداروں نے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی۔

تفصیلات کے مطابق لانڈھی تھانے کےعلاقے لانڈھی زمان آباد میں موٹر سائیکل سوار 3 کم عمر مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر مقامی انٹر نیٹ کیبل کے دفتر کے باہر3 ملازموں سے موبائل فون چھین لیے اور فرار ہو گئے۔

واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار تین کم عمر لڑکوں نے اچانک موٹر سائیکل روکی، ایک ملزم اسلحہ لہراتا ہوا موٹر سائیکل سے اترا اور مقامی انٹر نیٹ کیبل کے دفتر کے بیٹھے تین شہریوں سے موبائل فون چھین لیے۔


گھبراہٹ میں موٹرسائیکل چلانے والے سے موٹرسائیکل بند ہوگئی اور کئی کک لگانے کے بعداسٹارٹ ہوئی، فوٹیج میں فرار ہوتے ہوئے ملزمان کے چہرے واضح طور پر دیکھے جاسکتے ہیں۔

دریں اثنا فیڈرل بی ایریا میں دکان میں 2 ڈاکوؤں کی واردات کی کوشش کی جس پر دکانداروں نے مزاحمت کرتے ہوئے ڈاکوؤں کو بھاگنے پرمجبور کردیا۔

واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پرآگئی۔ فوٹیج میں 2 ڈاکوؤں کو دکان میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ملزم جیسے ہی دکان میں داخل ہوتے ہیں تو دکان میں موجود تین ملازمین ڈاکوؤں پرٹوٹ پڑتےہیں اور ایک ڈاکو کو پکڑکر اس سےاسلحہ چھین لیتے ہیں مگر ڈاکو جدوجہد کےبعد فرارہونےمیں کامیاب ہوجاتا ہے۔
Load Next Story