عمران خان اتنا آگے جاچکا ہے کہ اس سے مذاکرات نہیں ہوسکتے وزیردفاع

عمران خان کو چھوڑ کر جانے والے اس کی غلطیوں کا بوجھ نہیں اٹھا پا رہے، خواجہ آصف

فوج کے جوانوں نےاس لیے قربانیاں نہیں دی تھیں کہ کل کو ان کی توہین کی جائے(فوٹو: فائل )

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ9 مئی کو جو ہوا ایسا کوئی پاکستانی سوچ بھی نہیں سکتا، عمران خان اتنا آگے جاچکا ہے کہ اس سے کوئی مذاکرات نہیں ہوسکتے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ آج ایٹمی دھماکوں کا پچیسواں یوم تکبیر ہے، جس طرح پاکستان کے دفاع کو بھٹو سے لے کر نواز شریف تک نے ناقابل تسخیربنایااس میں پاک فوج اور سائنسدانوں کا کلیدی کردار ہے۔

وزیردفاع نے کہا کہ اب ایسا دور آگیا ہے جس میں نام نہاد سیاسی لیڈر منصوبہ بندی کے تحت دفاعی تنصیبات پر حملہ آور ہیں، پاکستان سے مشروط وفاداری رکھنے والے حکمران ملک کے دفاع کو بھی کمپرومائز کرنے میں دریغ نہیں کریں گے، اس کا ثبوت اور شہادت 9 مئی کو ملی۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح یہ وائرس پھیل چکا ہے سیاستدانوں کو اپنے دفاع کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کرنا ہوگا، دفاع کے جذبے کو اقتدار کے بھوکے سیاستدان چیلنج کر رہے ہیں۔


وزیردفاع نے کہا کہ پی ٹی آئی والے کہتے ہیں کہ عمران خان ان کی ریڈ لائن ہے، جبکہ ہماری ریڈ لائن وطن کی مٹی اور اس کے محافظ ہیں۔

عمران خان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان اتنا آگے جاچکا ہے کہ اس سے کوئی مذاکرات نہیں ہوسکتے، اس نے ملک کو معاشی طور پر بھی کمزرور کیا اور اب دفاعی طور پر کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

وزیردفاع نے مزید کہا کہ سیاسی لڑائیاں سیاسی طور پر لڑی جاتی ہیں، رانا ثنااللہ نے جو کہا وہ سو فیصد درست ہے، پیچھلے چودہ ماہ میں جو اس نے غلطیاں کی ہیں وہ خود کی ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ آج لوگ اس کو چھوڑ کر جارہے ہیں کیوں کہ وہ اس کی غلطیوں کا بوجھ نہیں اٹھا پا رہے، انہوں نے کہا اسے ( عمران خان کو) مزید لوگ چھوڑیں گے، جو مذاکراتی ٹیم بنائی ہے اس میں بھی یہ مزید نام شامل کردیں تاکہ اگر یہ لوگ بھی چھوڑ گئے تو ان کا متبادل تو ہو۔

 
Load Next Story