عمران فتنے کو ووٹ کی طاقت سے مائنس کریں گے رانا ثنا اللہ
اس شخص نے ہمارے خلاف جھوٹے مقدمے بنائے مگر ہم ڈٹے رہے، وفاقی وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے نام لیے بغیر عمران خان کومخاطب کرکے کہا ہے کہ تم نے غیر ملکی اشارے پر سازش کی فوج کو ٹارگٹ کیا اور مجھ سمیت ہر شخص کو دھمکی دی اس لیے فتنہ کو ووٹ کی طاقت سے مائنس کریں گے۔
فیصل آباد میں یوم تکبیر کی ریلی سے خطاب کے دوران انہوں ںے کہا کہ اس شخص نے ہمارے خلاف جھوٹے مقدمے بنائے مگر ہم ڈٹے رہے، یہ لوگ ہماری شرافت کا ناجائز فائدہ اٹھاتے تھےاور اس نے نوجوانوں میں نفرت کے بیج بوئے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جناح ہاؤس میں لوٹ مار کرنے کے بعد آ گ لگادی اور لیب ٹاپ لے گئے جس میں حساس معلومات تھیں، یہ کلبھوشں سے کم نہیں ہیں اب کہتا ہے مذاکرات کریں، اب کسی پی ٹی آئی ورکر کے گھر پر حملے کروانے کی سازش کررہا ہے تاکہ عوام کو جذباتی کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس فتنے کو ظاہر کردیا سیاست میں نفرت کا بیج بویا، اس بے شرم نے میرے خلاف سزاے موت کا کیس بنایا، معافی صرف انہیں ملے گی جن کا جرم قابل معافی ہوگا، جن کا جرم قابل معافی نہیں وہ ناک بھی رگڑیں تو معافی نہیں ملے گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک فوج کے شہداء نے ہمارے کل کیلئے اپنا آ ج قربان کردیا، آج پوری قوم شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے سڑکوں پر نکلی ہے، میاں نواز شریف نے آ ج کے دن ملک کو ناقابل تسخیر بنایا۔