پی ٹی آئی سوشل میڈیا   ٹرولز کی ایک اور جعلسازی بے نقاب

پی ٹی آئی کے کارکن نے سوشل میڈیا پر پی آئی ڈی کے پروٹوکول افسر کو جناح ہاؤس پرحملے کے ساتھ جوڑ کرپیش کیا


ویب ڈیسک May 29, 2023
ایف آئی اے سائبر کرائم نے مقبول احمد کی درخواست پر کارروائی شروع کردی:فوٹو:سوشل میڈیا

تحریک انصاف کے سوشل میڈیا ٹرولز کی ایک اورجعلسازی بے نقاب ہوگئی۔

پی ٹی آئی سے وابستہ اصغر بلوچ نامی سوشل میڈیا صارف نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر وزارت اطلاعات کے ذیلی پی آئی ڈی کے پروٹوکول افسر مقبول احمد کی تصویر شئیر کی اور انہیں کور کمانڈر ہاؤس (جناح ہاؤس) لاہور کے واقعہ سے جوڑ کر پروپیگنڈا کیا۔

اصغر بلوچ نے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کے ساتھ بیٹھے مقبول احمد کی تصویر پوسٹ کرکے لکھا کہ یہ وہ شخص ہے جو کور کمانڈر ہاوس لاہور پر حملے میں لوگوں کو ورغلا رہا تھااب وزیر داخلہ کے ساتھ دکھائی دے رہا ہے۔سوشل میڈیا پر تصویر لگا کر سنگین الزامات عائد کرنے اور شہرت کو نقصان پہنچانے پر پی آئی ڈی کے پروٹوکول افسر نے ایف آئی اے سائبر کرائم سیل اسلام آباد سے رجوع کرلیا۔

ایف آئی اے سائبر کرائم سیل اسلام آباد کو دی گئی درخواست میں مقبول احمد نے موقف اختیار کیا کہ پی ٹی آئی کے کارکن اصغر بلوچ نے الزام عائد کیا کہ میں کورکمانڈر ہاؤس پرحملے کے لیے لوگوں کو اکسا رہا ہوں۔ پوسٹ میں عائد کیا گیا الزام سراسر بے بنیاد ہے اور میری شہرت کو نقصان پہنچانے کے لیے ہے۔

مقبول احمد نے ایف آئی اے سائبر کرائم سے سوشل میڈیا پر سنگین اور جھوٹے الزامات عائد کرنے اور پھیلانے پر اصغر بلوچ کیخلاف قانونی کارروائی کی استدعا کی جس پر تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں