کراچی بڑے بھائی کو قتل اور چھوٹے کو زخمی کرنے کے واقعے کا مقدمہ درج
مقتول ندیم کو دو گولیاں بازو اور پیٹ میں لگی تھی جس کے باعث وہ زندگی کی بازی ہار گیا
سائٹ سپرہائی وے پولیس نے ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے بڑے بھائی کو قتل اور چھوٹے بھائی کو زخمی کرنے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کو سائٹ سپرہائی وے تھانے کے علاقے اسکیم 33 نیو سبزی منڈی کے ڈی اے روڈ پر سندھی ہوٹل کے قریب لوٹ مار کی واردات کے دوران مزاحمت پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے 25 سالہ ندیم ولد محمد امین کے قتل اور اس کے چھوٹے بھائی 16 سالہ ولی جان ولد محمد امین کو زخمی کر دیا تھا۔
سائٹ سپرہائی وے پولیس نے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 23/613 بجرم دفعہ302 اور 397 کے تحت 2نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف زخمی بھائی ولی جان کی مدعیت میں درج کرلیا۔
مقتول ندیم کو دو گولیاں بازو اور پیٹ میں لگی تھی جس کے باعث وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔ مقتول نوجوان ندیم کی میت تدفین کے لیے آبائی علاقے رانی پور منتقل کر دی گئی جہاں اسے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔