حکومت آئندہ مالی سال کا کاروبار دوست بجٹ پیش کرے گی وزیر خزانہ
مشکل صورتحال کے باوجود حکومت معیشت کو استحکام اور ترقی پر گامزن کرنے کے لیے کام کر رہی ہے، اسحاق ڈار
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال 2023-2024 کیلیے کاروبار دوست بجٹ پیش کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایف بی آر ہیڈکوارٹر میں ملاقات کیلئے آئے ہوئے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز آف پاکستان (آباد) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ایف بی آر ہیڈ کوارٹر میں ہونیوالی ملاقات میں وفد نے بجٹ 2023-24 بارے تجاویز پیش کیں اور اس ملاقات میں وزیر خزانہ نے معاشی صورتحال پر بریفنگ دی۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مشکل صورتحال کے باوجود حکومت معیشت کو استحکام اور ترقی پر گامزن کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے آباد کے عہدیداروں کی جانب سے دی جانیوالی بجٹ تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بجٹ پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کرنے اور بجٹ 2023-24 پر ان کی تجاویز حاصل کرنے پر غور کرتی ہے اور حکومت بزنس فرینڈلی بجٹ 2023-24 پیش کرے گی جس میں کاروبار کو فروغ دینے اور ملکی معیشت پر فوکس کیا جائے گا تاکہ ملک میں سرمایہ کاری اور پیداوار کو فروغ دے کر برآمدات کو بڑھایا جاسکے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کئے جائیں اور مہنگائی میں کمی لائی جاسکے۔