کراچی میں آئندہ تین روز تک گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان

شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35سے37 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے، محکمہ موسمیات

فوٹو: فائل

پیرکو شہر کے مضافات سمیت دیگرعلاقوں میں ہلکی بارش اوربونداباندی کے باوجود گرمی کی شدت میں نمایاں فرق نہیں پڑا، اور آئندہ تین روز تک گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔

پیرکو گرم مرطوب موسم کے دوران شہر کے قریب سے گزرنے والے مغربی سسٹم کے اثرات کے سبب نوری آباد اورکاٹھورسے ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوا۔

شہر کے مضافاتی علاقوں پورٹ قاسم، اسٹیل ٹاؤن، گڈاپ ٹاؤن، پیپری، ملیرمویشی منڈی، بن قاسم ٹاؤن،گلشن حدید،شاہ لطیف ٹاؤن اوربھینس کالونی میں کہیں ہلکی بارش اورکہیں بونداباندی اورپھوارپڑی۔


شہر کے کچھ علاقوں میں دھوپ کے دوران بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہی، جس سے گرمی کی تمازت کچھ کم ہوئی اورموسم قدرے خوشگوار ہوگیا۔

شاہراہ فیصل، گلشن جمال،کلفٹن اورصدر، کورنگی کریک میں ہلکی بارش ہوئی۔ اتواراورپیر کی درمیانی شب بھی شہر کے مختلف علاقوں میں بادلوں کی گھن گرج کے ساتھ رات گئے تک آسمانی بجلی چمکتی رہی۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹرکی پیش گوئی کے مطابق اگلے تین روز کے دوران مجموعی طورپرشہرکا مطلع گرم ومرطوب رہنے کی توقع ہے، اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35سے37 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دیہی سندھ کے اضلاع میں 31مئی تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ درمیانی سے موسلادھاربارش کا امکان ہے۔
Load Next Story