کراچی فائرنگ کے دو واقعات میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق دوسرا زخمی
اقراء یونیورسٹی ڈیفنس ویو کے قریب چائے کے ہوٹل پر بیٹھے اہلکار کو مسلح ملزمان سر پر گولی مار کر فرار ہوگئے
شہر قائد میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچ کالونی تھانے کی حدود میں اقراء یونیورسٹی ڈیفنس ویو کیمپس کے قریب چائے کے ہوٹل پر بیٹھے پولیس اہلکار وارث ولد نثار کو مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، پولیس اہلکار زمان ٹائون ٹریفک سیکشن میں تعینات تھا اور ڈیوٹی سے چھٹی کرکے آیا تھا۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کے مطابق پولیس اہلکار سے چھینا جھپٹی نہیں کی گئی، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ملزمان نے پولیس اہلکار کو نشانہ بنایا، موٹر سائیکل کے پیچھے بیٹھے ملزم نے دو پستول استعمال کیں۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ نے کہا کہ ملزمان نے پولیس اہلکار کو سر میں گولی مار کر قتل کیا اور فرار ہوگئے، جائے وقوعہ سے پولیس کو پستول کے تین خول ملے ہیں جبکہ اطراف میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ پڑتال بھی کی جارہی ہے۔
دوسری جانب نارتھ کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، ایس ایس پی سینٹرل رانا معروف نے بتایا نارتھ کراچی باڑہ مارکیٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکو واردات کر رہے تھے کہ اس دوران انٹیلیجنس ڈیوٹی پر مامور بلال کالونی تھانے کے اہلکارنے ڈاکوؤں کو للکارا جس پر انہوں ںے پولیس اہلکار کو فائرنگ کر کے زخمی کردیا۔
ایس ایچ او بلال کالونی ظفر علی شاہ نے بتایا کہ زخمی ہونے والے اہلکار 32 سالہ کاشف عزیز کو فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا، ڈاکو 15 لاکھ 32 ہزار روپے نقد لوٹ کر فرار ہوگئے، واردات کے دوران 8 لاکھ روپے کی رقم لٹنے سے بچ گئی تاہم ڈاکو موٹر سائیکل کے ہینڈل پر لٹکے ہوئے شاپر میں موجود نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔