ڈکیتی میں مزاحمت پر احتساب بیورو کے حاضر سروس جج قتل

نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع گھر میں 5 ڈاکو داخل ہوئے اور مزاحمت پر فائرنگ کردی، پولیس نے تحقیقات شروع کردی


ویب ڈیسک May 30, 2023
سردار امجد اسحاق احتساب بیورو آزاد کشمیر کے جج تھے

تھانہ روات کے علاقے میں مبینہ ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے احتساب بیورو کے حاضر سروس جج کو قتل کردیا۔

نجی ہاؤسنگ سوسائٹی فیز8 میں ہونے والی مبینہ ڈکیتی کی واردات میں ملوث ایک ڈاکو کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

پولیس کے مطابق 5 ملزمان واردات کے لیے گھر میں داخل ہوئے، جہاں مزاحمت پر فائرنگ ہوئی اور ڈاکوؤں کی فائرنگ سے احتساب بیورو آزاد کشمیرکے جج سردار امجد اسحاق جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک ڈاکو فرہاد زخمی حالت میں گرفتار کرلیاگیا۔

اطلاع ملتے ہی پولیس حکام موقع پر پہنچے اور شواہد اکھٹے کرکے تحقیقات شروع کردیں۔ سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی اور ایس پی صدر کو خود موقع پر پہنچ کر شواہد جمع کرنے کی ہدایات کی۔

بعد ازاں لاش کو پوسٹ مارٹم جب کہ زخمی ڈاکو کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں کو بھی جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں