حسنین لہری نے ساتھی ماڈل نمرہ جیکب کے الزامات مسترد کر دیئے
حسنین کا کہنا ہے کہ انہوں نے نمرہ جیکب پر ہاتھ اُٹھایا نہ ہراساں کیا
پاکستان کے ٹاپ ماڈل حسنین لہری نے ساتھی ماڈل نمرہ جیکب کے لگائے الزامات کو مسترد کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق ایکسپریس ٹریبیون نے ٹیکسپو 2023 میں بیک اسٹیج پر پیش آنے والے واقعے کے بعد حسنین لہری سے حقائق جاننے کیلئے رابطہ کیا۔
حسنین لہری نے ساتھی ماڈل کو تھپڑ مارنے اور انہیں ہراساں کرنے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان کی تردید کر دی۔
حسنین نے بتایا کہ سب سے پہلے ریمپ پر واک کے دوران نمرہ جیکب جان کر اُن سے ٹکرائیں پھر بیک اسٹیج آکر اُن پر برس پڑیں اور کہا کہ ریمپ پر چلنا سیکھو۔
حسنین کا کہنا تھا کہ واک کے بعد جب انہوں نے اس بارے میں بیک اسٹیج جاکر بتایا تو وہاں موجود کافی لوگوں نے انہیں بتایا کہ نمرہ پیشہ ورانہ ماڈل نہیں ہیں اور وہ اکثر اس طرح پیش آتی ہیں۔
حسنین لہری کے مطابق اس دوران نمرہ وہاں آگئیں اور بحث شروع ہوگئی یہاں تک کے نمرہ ان کے مرحوم والد پر آگئیں جس پر وہ سیخ پا ہوگئے اور نمرہ کو سختی سے جواب دینے لگے کہ اُس نے اپنے موبائل سے حسنین کی ویڈیو بنانا شروع کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: معروف ماڈل حسنین لہری نے نمرہ جیکب کو ''تھپڑ'' رسید کردیا، ویڈیو وائرل
حسنین لہری نے بتایا کہ انہوں نے بغیر اجازت ان کی ویڈیو بنانا چاہی اس لئے انہوں نے نمرہ کا موبائل چھین لیا تاکہ وہ کہانی کا ایک رُخ لوگوں کو نہ دکھا سکے۔
یاد رہے کہ کراچی کے ٹیکسپو فیشن شو میں پاکستانی ماڈل نمرہ جیکب اور حسنین لہری کی بیک لڑائی شدت اختیار کرگئی تھی جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔