کراچی بیوی کو سر پر اینٹ مار کر قتل کرنے والا شوہر گرفتار

مقتولہ کے ورثا کا کہنا ہے کہ ملزم ذہنی مریض تھا اور گزشتہ کئی سالوں سے علاج چل رہا تھا

فوٹو : ایکسپریس نیوز

مومن آباد اورنگی ٹاؤن میں شوہر نے بیوی کو سرپر پتھر کے پے درپے وار کر کے قتل کر دیا جبکہ پولیس نے اہلخانہ کی مدد سے ملزم شوہر کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن مومن آباد ملک چوک حلیمہ مسجد کے قریب گھر میں خاتون کی لاش کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر ایدھی ایمبولینس کے ذریعے پہلے مومن آباد تھانے اور پھر قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا، مقتولہ کی شناخت 35 سالہ زیبا بی بی کے نام سے کی گئی۔

مقتولہ کے دیور محمد دین اور رشتے دار غلام رسول نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ زیبا بی بی 6 بچوں کی ماں تھی اور آبائی تعلق بلوچستان کے علاقے لورا لائی سے تھا، مقتولہ کا شوہر خلیل احمد گزشتہ 7 سال سے ذہنی مرض میں مبتلا تھا، خلیل احمد کا کچھ عرصہ بلوچستان اور اب کراچی کے تفسیاتی اسپتال میں علاج چل رہا تھا جبکہ اس کا روحانی علاج بھی ہو رہا تھا۔


انہوں نے بتایا کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب ملزم خلیل احمد اچانک طیش میں آگیا اور اس نے اپنی اہلیہ زیبا بی بی کو پہلے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر بڑا سا پتھر (اینٹ) سر پر مار کر شدید زخمی کر دیا۔

غلام رسول نے بتایا کہ شور شرابہ سن کر وہ لوگ جب کمرے میں پہنچے تو زیبا خون میں لت پت پڑی ہوئی تھی جس پر ہم لوگوں نے خلیل کو پکڑ کر کمرے میں بند کر دیا اور واقعے کی پولیس کو اطلاع دی اور زخمی خاتون کو قریب کلینک لے گئے جہاں ڈاکٹر نے بتایا کہ خاتون دم توڑ چکی ہے، پولیس جب موقع پر پہنچی تو ملزم خلیل احمد کو ان کے حوالے کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم اپنے بچوں اور بیوی سے بہت محبت کرتا تھا گزشتہ روز اسے پتہ نہیں کیا ہوا کہ اس نے اپنی ہی بیوی کو قتل کر دیا۔ ان کے مطابق کچھ بزرگوں کا کہنا تھا کہ خلیل پر جن آتے ہیں جس کی وجہ سے اس کی طبعیت خراب ہوتی ہے اور اس پر جنون طاری ہوجاتا ہے۔

ورثا کا کہنا تھا کہ ملزم چاہے ان کا بھائی ہے لیکن وہ اس کے خلاف قانونی کارروائی ضرور کروائیں گے۔
Load Next Story